بلوچستان میں راکے نیٹ ورک کے خاتمے کا دعویٰ

شائع 29 مارچ 2016 02:54pm

sanaullah_image

اسلام آباد:وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر ثناء اللہ زہری کہتے ہیں کہ را کے دہشتگرد کلبھوشن یادیو کی بلوچستان سے گرفتاری کے بعد صوبے میں را کا نیٹ ورک پچانوے فیصد ختم کردیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ آج نیوز کے میزبان رحمان اظہر سے بات چیت کررہے تھے۔

آج نیوز کے پروگرام اسلام آباد ٹونائٹ کے میزبان رحمان اظہر سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں را کے نیٹ ورک کو تقریباً ختم کردیا گیا ہے۔تیس سے زائد سہولت کار گرفتار ہوچکے ہیں، دیگر کو بھی جلد حراست میں لے لیا جائے گا۔

وزیراعلٰی نے کہا کہ را کافی عرصے سے بلوچستان میں مداخلت کررہی ہے،وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے بھی اس معاملے کوکئی بار اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ را کلبھوشن کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو بھارت اور افغانستان میں ٹریننگ دیتی تھی، ان بھٹکے ہوئے افراد کو تخریب کاری کیلئے پاکستان واپس بھیج دیا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے ان دہشتگردوں پر زمین تنگ کردی گئی ہے۔