پنجاب میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری، شہری سخت اذیت میں مبتلا

لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا...
شائع 09 جولائ 2020 10:39am

لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ رک نہ سکا، اوسطا 4 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ لیسکو حکام مسلسل لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کا راگ الاپ رہے ہیں۔

لاہور کے مضافاتی علاقوں میں لیسکو حکام کے دعوں کے برعکس غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کم ہونے کی بجائے بڑھتی جا رہی ہے۔

لیسکو کے زیر انتظام دیگر شہروں میں 4 اور دیہات میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے سے بھی تجاوز کر جانے کی اطلاعات ہیں، جس کی وجہ سی شہریوں کی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں۔

ترجمان لیسکو کے مطابق لاہور میں اعلانیہ یا غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہورہی، لیسکو کی بجلی کی طلب 4200میگا واٹ جبکہ سپلائی بھی 4200 میگا واٹ ہی ہے تاہم لیسکو کے دعوں کے برعکس شہری بجلی کی طویل بندش کے ساتھ ساتھ بار بار کی ٹرپنگ کی بھی مسلسل شکایت کر رہے ہیں۔

لیسکو حکام کا دعوی ہے کہ ترقیاتی کاموں کی وجہ سے شٹ ڈاؤن اور ہائی لاسز والے فیڈرز پر معمول کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ کہیں بھی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی۔