سابق وزیراعظم نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور :احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں سابق...
شائع 05 اگست 2020 02:33pm

لاہور :احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج اسد علی نے جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو غیر قانونی طور پر پلاٹ الاٹ کرنے کے کیس کی سماعت کی،میر شکیل الرحمن کو پیش نہ کرنے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ ایسے تو کیس نہیں چلے گا کہ ہر پیشی پر کوئی کارروائی نہ ہوسکے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ کورونا ایس او پیز کے باعث میر شکیل الرحمان کو پیش نہیں کیا گیا، ملزم سابق ڈی جی ایل ڈی اے ہمایوں فیض رسول اور سابق ڈائریکٹر لینڈ ڈویلپمینٹ بشیر احمد عدالت پیش ہوئے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ نواز شریف کی طلبی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم دیئے گئے ایڈریس پر موجود نہیں۔

عدالت نے نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے میر شکیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 اگست تک توسیع کر دی۔

نیب کی طرف سے میر شکیل، نواز شریف، سابق ڈی جی ایل ڈی اے ہمایوں فیض رسول اور بشیراحمد کیخلاف ریفرنس دائر کیا جا چکا ہے۔

نیب حکام کے مطابق ملزم میر شکیل نے اس وقت کے وزیراعلی نواز شریف کی ملی بھگت سے ایک ایک کنال کے 54 پلاٹ ایگزمپشن پر حاصل کئے، ملزم کا ایگزمپشن پر ایک ہی علاقے میں پلاٹ حاصل کرنا ایگزمپشن پالیسی 1986ء کی خلاف ورزی ہے۔

ملزم میر شکیل نے نواز شریف کی ملی بھگت سے 2 گلیاں بھی الاٹ شدہ پلاٹوں میں شامل کرلیں، ملزم میر شکیل نے اپنا جرم چھپانے کیلئے پلاٹ اپنی اہلیہ اور کمسن بچوں کے نام پر منتقل کروا لئے۔