Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

پی ڈی ایم قومی اداروں میں تقسیم اور ٹکراؤ چاہتی ہے، شبلی فراز

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ایاز...
شائع 31 اکتوبر 2020 03:24pm

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ایاز صادق کی تقریر پر مذمت اور ندامت کے بجائے بھونڈا دفاع کیا جا رہا ہے، پی ڈی ایم قومی اداروں میں تقسیم اور ٹکراؤ چاہتی ہے۔

شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس قسم کا بیانیہ برداشت نہیں کیا جائے گا، فضل الرحمان ہوں یا مریم نواز، ایاز صادق ہوں یا کوئی اور سب کا بیانیہ ملک مخالف ہے، یہ لوگ ملک کے مفادات کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان لوگوں کو ایسے اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

شبلی فراز نے ن لیگ کے سنجیدہ عناصر کو مسلم لیگ پاکستان بنانے کا مشورہ دے ڈالا۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ حکومت سیاسی بدمعاشوں سے نرمی نہیں برتے گی۔

شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ایف اے ٹی ایف سے لے کر سیاسی اور ملکی مفاد کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی ملک کی معیشت خراب تھی، ہم دیوالیہ ہونے کے قریب تھے، ملک پرقرضوں کا انبار تھا، وزیراعظم نے معیشت کو استحکام دیا ، وزیراعظم نے دوست ممالک کےساتھ مل کر ملک کودیوالیہ سے بچایا، اگر ہم ڈیفالٹ ہوجاتے تو ملک کی کرنسی بہت حد تک گرجاتی، ہم نے اپنی برآمدات کو بڑھایا، ہمارے ایکسپورٹ سیکٹر کی خطے کے ممالک سے بہترحالت رہی، اسٹاک مارکیٹ بڑھی، ایک ایسی حکمت عملی بنائی جس سے روزگار بھی پیدا ہو سکے۔ پاکستان میں اس وقت ایک ہائبرڈ وار چل رہی ہے، ملک میں ناامیدی پھیلانا اچھی بات نہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ 2016 میں ڈان لیکس سے ملکی عدم استحکام شروع ہوا، یہ عدم استحکام 2017 میں جی ٹی روڈ پر مجھے کیوں نکالا کی صورت میں نظر آیا، ایاز صادق نے ایسی تقریر کی جس سے پاکستان میں بحث چھڑ گئی ، سپہ سالار کے خلاف جھوٹی باتیں کر کے ملک کو نقصان پہنچایا گیا، ایاز صادق کو کوئی ندامت نہیں ہے، وہ نہ معافی مانگنا چاہتے ہیں اور نہ ہی انہوں نے تردید کی، اداروں میں ٹکراؤ کی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنی ضرورت کے وقت سیاسی بیانیہ بناتی ہے جس کا ملکی ترقی سے کوئی تعلق نہیں، پی ڈی ایم کا بیانیہ ایف اے ٹی ایف سے لے کر سیاسی اور ملکی مفاد کے خلاف ہے، منتخب حکومت کو اکھاڑنے کے لئے انہوں نے ملک کو داؤ پر لگا دیا ہے، ملک کے خلاف باتیں کرنے کی بالکل اجازت نہیں دیں گے، ہماری حکومت سیاسی غنڈہ گردی نہیں ہونے دے گی، ملکی سالمیت کے خلاف باتیں کرنے پرعوام انہیں سزا دیں گے، (ن) لیگ کو مشورہ ہے مسلم لیگ پاکستان بنالیں۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div