وزیراعظم کاترک صدرکوٹیلی فون، زلزلے سے قیمتی جانی نقصان پر اظہارافسوس
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان کوٹیلی فون کرکے زلزلے سے قیمتی قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر رجب طیب اردوان کوٹیلی فون کیا اور ترکی میں آنےوالے زلزلے کےباعث قیمتی جانی نقصان پرافسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے زلزلے سے متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور غم کی اس گھڑی میں ترک عوام کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے غم میں برابر کا شریک ہے، پاکستان کے لوگ اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں، 2005ء کے زلزلے کے دوران ترکی پاکستان کے ساتھ کھڑا تھا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان پشاورمیں مدرسے پر دہشتگرد حملے پر بھی تبادلہ خیال کیا،عمران خان نے کہا کہ پشاور میں بزدلانہ دہشتگرد حملہ پاکستان کے دشمنوں نے کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران وزیراعظم اور ترک صدر کے درمیان یورپ میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی لہرپر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
بڑھتے اسلاموفوبیا کے واقعات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر پر باور کرایا کہ مسلم دنیا کے رہنماؤں کو مسلمانوں کے خلاف نفرت اور انتہا پسندی کیخلاف مل کر آگے بڑھنا چاہیئے،مسلمان رہنماء مغربی دنیا کے اپنے ہم منصبوں کو پیغمبر اکرمﷺ کے ساتھ تمام مسلمانوں کی محبت سے آگاہ کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یورپی ریاستوں کے ہولوکاسٹ سے انکار کو مجرم قرار دینے کے قوانین موجود ہیں اس لئےہولوکاسٹ کی طرح مغرب کو پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہیئے،مغرب کو اظہار رائے کی آزادی کے جارحانہ اقدامات کے جواز بخشنے سے باز رہنا چاہیئے۔
دونوں رہنماؤں نے پاک ترک وزرائے خارجہ کی ملاقات پر اتفاق کیا، دونوں وزرائے خارجہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کی کوششوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات کریں گے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔