فیاض چوہان سے اطلاعات کا قلمدان واپس لےلیا گیا

پنجاب حکومت نےفیاض الحسن چوہان سے اطلاعات کا قلمدان لیکر فردوس...
شائع 02 نومبر 2020 09:36pm

پنجاب حکومت نےفیاض الحسن چوہان سے اطلاعات کا قلمدان لیکر فردوس عاشق اعوان کو دے دیا۔فردوس عاشق اعوان وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر، فیاض چوہان اب صرف کالونیز کے وزیر رہیں گے۔

پنجاب حکومت نے دوسری مرتبہ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان سے وزارت اطلاعات کا عہدہ واپس لے لیا جبکہ پی ٹی آئی کی سینئر رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو جاوید اختر کی جگہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی مقرر کر کے انہیں اطلاعات کا قلمدان دے دیا گیا ہے۔

پنجاب کابینہ میں فیاض الحسن چوہان کالونیز کے وزیر تھے اور ان کے پاس اطلاعات کا اضافی چارج تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فیاض الحسن چوہان اب صرف محکمہ کالونیز کے وزیر رہیں گے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر کوآپریٹیوز مہر محمد اسلم اور وزیر جیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ کو ان کی وزارتوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

الحمراہال میں جاری ایک نمائش کی تقریب میں موجود فیاض الحسن چوہان اس تبدیلی سے لاعلم تھے۔

واضح رہےکہ اپریل کےمہینے میں وفاقی حکومت نے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائےاطلاعات و نشریات کا عہدہ واپس لیا تھا۔

اب انہیں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات تعینات کیا گیا ہے۔