Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

نئی نجی ائیر لائن کا نام "فلائی جناح" رکھنے پر پاکستانی عوام تقسیم

پاکستان کے مقامی کاروباری گروپ لیکسن اور متحدہ عرب امارات کے...
شائع 04 ستمبر 2021 11:32am

پاکستان کے مقامی کاروباری گروپ لیکسن اور متحدہ عرب امارات کے ایئر عربیہ گروپ نے پاکستان کی "سب سے پہلی" سستی ایئرلائن "فلائی جناح" کے نام سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اگرچہ وزیر اعظم اور حکومت سے منسلک دیگر ہائی پروفائل مشیروں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے ، لیکن ایئرلائن کے لیے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا نام استعمال کرنے پر عوام بٹی ہوئی نظر آرہی ہے۔

مصدق ذوالقرنین لکھتے ہیں، 'قائد کا نام استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ ایس ای سی پی کے ممنوعہ ناموں کی فہرست کے تحت ، مشہور/ممتاز شخصیات کے نام صرف مجاز اتھارٹی کی اجازت سے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ جناح کو کسی بھی تجارتی منصوبے کے نام پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔'

ایک اور صارف نے "مہاجر صوبے" کا زکر کرتے ہوئے لکھا، 'جناح انٹرنیشنل ، فلائی جناح ، جناح فلائی اوور ، جناح پارک سب ہی ہوگیا۔ اب صرف ایک چیز رہ گئی ہے "جناح پور"۔'

عمر قریشی نے لکھا، 'ایک ائیرلائن کے لیے جناح فلائی کا نام، کوئی اس کے خلاف پٹیشن دائر کرے گا اور اگر ایسا ہوا تو عدالتیں کیسے جواب دیں گی۔'

جس پر مرتضیٰ سولنگی کہتے ہیں، ' یہاں ایک سڑک ، ایک ہوائی اڈہ ، اسٹیڈیم اور اسی نام کا ایک اخبار پہلے سے موجود ہے ، تو ایک ایئر لائن کیوں نہیں؟'

شاکر حسین نے سوال کیا، 'جناح کولا کب شروع ہو رہا ہے؟ شاید کوئی جناح گٹکا؟ جناح مردوں کا انڈرویئر؟ ایک صابن؟ امید ہے کہ کسی کو "برانڈ" کا نام سوچنے کے لیے ادائیگی نہیں کی گئی ہوگی۔'

ایئر عربیہ گروپ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئی ایئرلائن لیکسن گروپ اور ایئر عربیہ کا مشترکہ پراجیکٹ ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلائی جناح پاکستان سے مقامی اور بین الاقوامی روٹس پر مسافروں کو خدمات فراہم کرے گا۔

لیکسن گروپ کے چیئرمین اقبال علی لاکھانی کا کہنا تھا کہ 'ہم ایئر عربیہ کے ساتھ پاکستان کی نئی سستی ایئرلائن شروع کرنے پر پرجوش ہیں۔ فلائی جناح پاکستان کی ٹریول اور ٹورازم انڈسٹری کی خدمت کرے گی اور ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گی۔'

انہوں نے کہا کہ 'یہ شراکت داری پاکستان کے ایئر ٹرانسپورٹ سیکٹر کی ترقی کو سپورٹ کرے گی۔ ایئر عربیہ کا ٹریک ریکارڈ بہت اچھا ہے اور ہم نئی ایئر لائن کو شروع کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔'

ایئر عربیہ کے چیئرمین شیخ عبداللہ بن محمد الثانی نے کہا کہ ’ہم لیکسن گروپ کے ساتھ مل کر پاکستان کی نئی سستی ایئر لائن شروع پر خوش ہیں۔ ہمیں اعتماد ہے کہ فلائی جناح پاکستان کے ایئر ٹرانسپورٹ سیکٹر میں اچھا اضافہ کرے گی، اور اس سے نوکریاں پیدا ہوں گی اور سیاحت میں بہتری آئے گی۔‘

’ہم لیکسن گروپ اور حکومت پاکستان کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ایئر عریبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ان کی شراکت داری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ’میری حکومت پاکستان میں تیزی سے پھلتے پھولتے سفر اور سیاحت کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے لیے پرعزم ہے، پاکستان میں سیاحت کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔‘

فلائی جناح ابتدا میں کراچی سے آپریٹ کرے گی اور پاکستان میں مختلف روٹس پر اپنی سروس فراہم کرے گی۔ ایئرلائن بعد میں انٹرنیشنل پروازیں بھی شروع کرے گی۔

ایئر لائن کو جلد ہی ایئر آپریٹنگ سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔ لانچ کی تاریخ اور دیگر تفصیلات کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ فلائی جناح، سیرین ایئر اور ائیرسیال میں پاکستان کے آسمان پر پرواز کرنے والے نجی ایئر لائنز کے گروپ میں شامل ہوجائے گی۔ جبکہ ایئر بلیو نجی شعبے کی سب سے پرانی ایئر لائن ہے۔

پاکستان

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div