Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے...
اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2021 03:38pm

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔

منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 14 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیااور ملکی سیاسی ومعاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران 20 ریگولیٹری اتھارٹیز کے چیئرمین اور ارکان کے معاوضوں پر رپورٹ پیش کی گئی۔

کابینہ اجلاس میں نئی رویت ہلال کمیٹی کیلئے قانون سازی، ہیوی کمرشل گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹیز میں کمی، پینل سرچارج کا خاتمہ، ایف بی آر ڈیٹا پر سائبر حملے کے تناظر میں آپریشنل ایمرجنسی کے نفاذ اور دیامر بھاشا ڈیویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔

وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری بھجوائی گئی تھی جس میں اراکین کے ایڈہاک الاؤنس میں 10فیصد اضافے کی تجویز پیش کی گئی تھی ۔

اجلاس میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی ، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویزکو بھی مسترد کردیا گیا۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری کی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں آج مختلف معاملات پر گفتگو کی گئی اور مختلف محکموں کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کابینہ کواسپیکٹرم کی فروخت سے متعلق آگاہی دی گئی،پاکستان میں جلد ہی فائیو جی انٹرنیٹ سروس ٹیکنالوجی کا آغاز کردیا جائے گا،ا سپیکٹرم کی نیلامی میں ایک ٹیلی کام کمپنی نے حصہ لیا ہے،کابینہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کی ہے کہ ٹیلی کام کے سیکٹر میں بہتری لائی جائے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے متعلق پیش رفت کی گئی ہے،کریمنل نظام میں اصلاحات کے نئے نظام کو متعارف کرایا گیا ہے، اس سلسلے میں وزارت قانون نے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی ہے۔

وفاقی وزیرفواد چوہدری کا مزیدکہنا تھا کہ ان اصلاحات کی وجہ سے کریمنل جسٹس سسٹم کا نظام تبدیل ہو جائے گا،وزیر قانون فروغ نسیم نے کابینہ کو کریمنل لا ریفارم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،کابینہ کمیٹی برائے قانون میں یہ معاملہ ڈسکس ہوگا جسے بعد میں نافذ کر دیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کریمنل لا اصلاحات بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہیں، ملک میں انصاف کے نظام کو بہتر کرنا وزیراعظم کا وژن ہے۔

فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے اہم فیصلے سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے،ارکان پارلیمنٹ کو10فیصد ایڈہاک الاؤنس نہیں ملےگا ،تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کفایت شعاری مہم کاحصہ ہے ، ایف بی آر کا ڈیٹا ہیک کیاگیا، زیادہ ترڈیٹامحفوظ رہا۔

pm imran khan

اسلام آباد

Federal Cabinate Meeting

salaries

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div