'تحریک طالبان پاکستان کیساتھ مذاکرات آئین و قانون کے تحت ہو رہے ہیں'

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں تحریک طالبان پاکستان...
شائع 09 نومبر 2021 09:58pm

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں تحریک طالبان پاکستان کیساتھ مذاکرات آئین و قانون کے تحت ہو رہے ہیں ۔ ریاست ان شہریوں کو موقع دینا چاہتی ہے جو آئین پاکستان کا احترام کرتے ہیں ۔ ریاست ہمیشہ کیلئے حالت جنگ میں نہیں رہ سکتی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا اجلاس میں افغانستان کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا دنیا نے افغانستان کے استحکام کیلئے کردار ادا نہ کیا تو افغانستان میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔اورکابینہ نے افغانستان سے متعلق اکانومسٹ کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کابینہ نے افغانستان سے ہونے والی تمام درآمدآت پر ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تحریک طالبان پاکستان سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا گزشتہ روز ٹی ٹی پی نے فائر بندی کا اعلان کیا ہے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ ریاست ہر وقت حالت جنگ میں رہے۔ افغانستان نے ٹی ٹی پی کیساتھ مذاکرات کی درخواست کی ہے۔

وفاقی وزیر نے واضع کیا کہ مذاکرات پاکستان کے آئین و قانون کے تحت ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان میں گیس کے زخائر میں کمی کے پیش نظر کابینہ نے تین ماہ کیلئے ایکسپورٹ انڈسٹری کو گیس کی مد میں دی جانے والی رعایت کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اگلے دو سے تین ماہ کے اندر مہنگائی کا مسلہ بھی حل ہو جائیگا۔

دوسری جانب افغانستان میں قیام امن ، معاشی وانسانی صورتحال پر ٹرائیکا پلس اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے جارہا ہے،

اجلاس میں پاکستان، امریکہ ، روس اور چین کے نمائندہ خصوصی شرکت کرینگے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان پرقائم ٹرائکا پلس کا اجلاس 11 نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا۔

ذرائع کے مطابق نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق اجلاس کی صدارت کرینگے، امریکہ، روس اورچین کے خصوصی نمائندگان برائے افغانستان شریک ہونگے۔

اجلاس میں افغانستان میں امن و امان معاشی صورتحال سمیت دیگرمعاملات پرتبادلہ خیال کیا جائیگا، 22 ستمبرکو روس، چین اور پاکستان کے خصوصی نمائندوں نے کابل کا دورہ کیا تھا جہاں افغان عبوری حکومت کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ سیاسی قائدین سے ملاقات کی تھی۔