Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

اسلام آباد سیکٹر ای الیون کیس :لڑکی نے بیان بدل لیا

اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں لڑکے اور لڑکی کو برہنہ کرکے ...
شائع 11 جنوری 2022 06:49pm

اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں لڑکے اور لڑکی کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنانے کے کیس میں اہم موڑ، متاثرہ لڑکی سدرہ اپنے بیان سے منحرف ہوگئی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج عطاء ربانی نے عثمان مرزا اور دیگر ملزمان کے خلاف تھانہ گولڑہ کے علاقہ ای الیون میں نازیبا ویڈیو بنانے، تشدد اور بلیک میلنگ کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران متاثرہ لڑکی کے بیان پر جرح شروع کی گئی جس کے دوران 16 جولائی کو جیل میں ملزمان کی شناخت سے متعلق متاثرہ لڑکی نے کہاکہ میں نے کوئی دستخط نہیں کیے۔

اس موقع پرمتاثرہ لڑکی کی جانب سے عدالت میں اسٹامپ پیپر دیا گیا اور بیان دیا کہ پولیس نے یہ سارا معاملہ خود بنایا ہے، بیان حلفی کسی کے دباو میں آکر نہیں دیا، کسی بھی ملزم کو نہ شناخت کیا اور نہ ہی کسی پیپر پر دستخط کیے۔

متاثرہ لڑکی نے کہا کہ پولیس والے مختلف اوقات میں سادہ کاغذوں پر میرے سے دستخط اور انگوٹھے لگواتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی ملزم کو نہیں جانتی اور نہ کیس کی پیروی کرنا چاہتی ہوں۔

متاثرہ لڑکی نے کہاکہ میں نے کسی کو بھی تاوان کی رقم ادا نہیں کی، ملزم ریحان سمیت دیگر ملزمان کو مجھے تھانہ میں دکھایا گیا تھا۔

متاثرہ لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ ریحان سمیت کسی بھی ملزم نے زیادتی کی کوشش نہیں کی، میں ریحان کو نہیں جانتی اور نہ ہی وہ ویڈیو بنا رہا تھا۔

لڑکی نے عدالت سے استدعا کی میں اس کیس میں اب پیش نہیں ہونا چاہتی۔

جج عطا ربانی نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو پیش تو ہونا پڑے گا۔

بعد میں عدالت نے سماعت 18 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔

پاکستان

اسلام آباد

Case

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div