Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے فضل الرحمان کو مکھی کی طرح نکال دیا، شیخ رشید

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں...
شائع 06 فروری 2022 02:36pm

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں اتنی جرات نہیں کہ حکومت کو ختم کرسکے،وہ اکٹھے آنا چاہتے ہیں تو آجائیں ہمیں کوئی خوف نہیں ہے،مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے فضل الرحمان کو مکھی کی طرح نکال دیا ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئےوزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کا دن تھا،اپوزیشن نے یوم یکجہتی کشمیر کو انتشار کا دن بنایا، مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ عمران خان کو مکھی کی طرح نکال لیں گے لیکن گزشتہ روز ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کو مکھی کی طرح نکال دیا، مولانا کوشش کرلیں نہ اپوزیشن استعفے دے گی اور نہ ہی لانگ مارچ کامیاب ہوگا۔

شیخ رشید نے کہا کہ منی لانڈروں نےملک کو بحران میں ڈالا، اور پاکستان میں منی لانڈرنگ کرنے والے اکھٹے ہوگئے ہیں،یہ لوگ کہتے ہیں ہمیں گھر بھیجیں گے، یہ منہ اور مسور کی دال، اپوزیشن والے تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں شوق سے لائیں، او آئی سی کے اجلاس کیلئے میں نے پہلے کہا تھا کہ تاریخ تبدیل کر لیں لیکن اب میں کہتا ہوں آ جائیں،میں سب کو کہتا ہوں سارے مل کر آئیں ہمیں کوئی خطرہ نہیں،یہ لوگ انتشار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں یہ ان کی بھول ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ یہ اپنے لئے بڑا مسئلہ پیدا کررہے ہیں،اپوزیشن اپنی موت آپ مرنے جارہی ہے، یہ ہمیں کیا گھر بھیجیں گے، یہ فیٹیف کے اصلی مجرم ہیں، ن لیگ کا نسلہ ٹاور اور پی پی کی تجوری ہائٹس گرچکی ہے۔

وزیرداخلہ شیخ رشید کا مزیدکہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں کو ہماری فورسز نے جاں فشانی کے ساتھ ناکام بنایا، پاک فوج نے 72 گھنٹوں میں 20 دہشت گرد مارے، ہمارے 9 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔

شیخ رشید نے کہا کہ بھارت پاکستان کو نقصان پہنچانے اور بدنام کرنے کا کوئی موقع نہیں جانے دیتا، کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ کے دروازے بند نہیں کئے لیکن ان سے مذاکرات کے معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتا، قبل از وقت کچھ نہیں کہہ سکتا، پاکستان کیخلاف اسلحہ اٹھانے والوں سے مذاکرات نہیں ہو سکتے،جو پاک فوج کیخلاف اسلحہ اٹھائے اسے معاف نہیں کیا جاسکتا۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی عظیم فوج دہشت گردوں کو سبق سکھا رہی ہے، افغان طالبان کے ساتھ ہمارے تعلقات ہیں اور رہیں گے، اس حوالے سے وزیرخارجہ بہتر بتا سکتے ہیں، بہرحال پاکستان کی کوشش ہے کہ افغانستان میں امن ہو جائے۔

وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے ہمار ا تعلق جان اور دل سے عزیز ہے، کل سعودی عرب کے وزیر داخلہ پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں،سعودیہ میں ہمارے قیدیوں کی بازیابی کے حوالے سے بات کریں گے، ہم مختلف ملکوں کے ساتھ رابطے میں، جہاں ہمارے قیدی ہیں ان کو واپس لائیں گے ،قطر، بحرین اورکویت سے بھی رابطے میں ہیں۔

opposition

Interior Minister

Sheikh Rasheed

اسلام آباد

PPP

Fazal ur Rehman

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div