Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

بھارت میں مسلمانوں کے اقتصادی بائیکاٹ کی مہم

مسلمان دہلی کو "منی پاکستان" میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پرویش ورما
شائع 09 اکتوبر 2022 09:52pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

بھارت میں دائیں بازو کی ہندو انتہا پسند جماعتوں نے مسلمانوں کے اقتصادی بائیکاٹ کی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

دہلی کے دلشاد گارڈن میں وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) اور دیگر دائیں بازو کی تنظیموں نے رواں ماہ کے آغاز میں سندر نگری علاقے میں منیش کمار نامی ایک شخص کے قتل کے خلاف احتجاج کے لیے ایک جلسے کا اہتمام کیا تھا۔

مغربی دہلی سے حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اسمبلی ممبر پرویش ورما نے اتوار کو دہلی میں منعقدہ ”ہندو مہاسبھا“ پروگرام کے دوران مسلمانوں کے ”مکمل بائیکاٹ“ کا مطالبہ کیا۔

دورانِ خطاب پرویش ورما نے الزام لگایا کہ مسلمان دہلی کو ”منی پاکستان“ میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ، ”مسلمان ریڑھیاں لگارہے ہیں، ان کی ریڑھیوں سے سبزیاں خریدنے کی ضرورت نہیں۔ وہ نان ویج (گوشت) بیچتے ہیں۔ ہمیں ایم سی ڈی (میونسپل کارپوریشن آف دہلی) سے پوچھنا چاہئے اور تمام دکانوں کو بند کروانا چاہئے، جن کے مالکان کے پاس لائسنس نہیں ہے۔ ان کے ریستوراں کا بائیکاٹ کریں۔“

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پروگرام کی ویڈیوز میں پرویش ورما کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ، ”میں کہتا ہوں اگر ان کا دماغ ٹھیک کرنا ہے، ان کی طبیعت ٹھیک کرنی ہے، تو ایک ہی راستہ ہے۔ اور وہ ہے مکمل بائیکاٹ۔“

اس کے بعد وہ سامعین سے کہتے ہیں کہ اگر وہ ان کی بات سے متفق ہیں تو ہاتھ کھڑے کریں۔

ورما نے احتجاج میں موجود تمام لوگوں سے عہد لیتے ہوئے کہا، “میرے ساتھ دہرائیں کہ ہم ان کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔ ہم ان سے کچھ نہیں خریدیں گے۔ ہم انہیں کوئی اجرت نہیں دیں گے۔’’

لونی کے بی جے پی ایم ایل اے نند کشور گجر نے بھی احتجاج میں حصہ لیا اور وی ایچ پی کے ’’ہندووں کو متحد ہونے‘‘ کے مطالبے سے اتفاق کیا۔

وی ایچ پی کے سینئر عہدیداروں، بی جے پی قائدین اور دیگر نے ہندوؤں سے ’’متحد‘‘ رہنے اور پولیس کی موجودگی میں ہونے والے احتجاج کے دوران ’’مسلمانوں کا بائیکاٹ‘‘ کرنے کا مطالبہ کیا۔

جلسے کا پس منظر

وی ایچ پی اور دیگر دائیں بازو کی تنظیموں نے دہلی کے جی ٹی بی نگر میں ایک شخص منیش کمار کے قتل کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے ایک جلسے کا اہتمام کیا تھا، جسے رواں ماہ کے شروع میں سندر نگری علاقے میں تین افراد نے مبینہ طور پر قتل کر دیا تھا۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) شاہدرہ، آر ستھیاسندرم نے کہا کہ تقریب کے انعقاد کے لیے اجازت نہیں لی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق 21 سالہ منیش کمار کو شمال مشرقی دہلی کے سندر نگری علاقے میں ذاتی دشمنی کے معاملے پر چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

پولیس نے قتل کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا، جن کی شناخت عالم، بلال اور فیضان کے نام سے ہوئی ہے۔

New Delhi

BJP

Indian Muslims

Economic Boycott

VHP

Hindu Mahasabha

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div