کیفی خلیل نے کراچی ایٹ فیسٹیول میں بدنظمی کی کہانی بھی سنا دی

سالانہ تین روزہ ایٹ فیسٹیول 6 سے 8 جنوری تک منعقد کیا گیا تھا
اپ ڈیٹ 09 جنوری 2023 08:04pm

گزشتہ تین دن سے کراچی کے علاقے کلفٹن کے بیچ پارک ویو پارک میں دسویں ایٹ فیسٹیول جاری تھا تاہم فیسٹیول کے آخری میں روز بدنظمی دیکھنے میں آئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کراچی ایٹ فیسٹیول کی مختلف ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کسی نے رکاوٹوں کو عبور کیا تو کہیں دھکم پیل دیکھنے میں آئی جبکہ کہیں خواتین آپس میں لڑتی نظر آئیں تو گلوکار کیفی خلیل کو بھی بوتل لگنے کا واقع پیش آیا ۔

ایسے میں یہ خبر بھی سامنے آئی کہ فیسٹیول میں پرفارمنس کے دوران معروف گلوکار کیفی خلیل پر زخمی ہوگئے تاہم اس خبر کی تردید خود گلوکار نے کی ۔

گلوکار کیفی خلیل نے سوشل میڈیا پیغام کے زریعے مداحوں کو پیغام دیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی میرے زخمی ہونے کی خبریں جھوٹی ہیں میں خیریت سے ہوں ساتھ ہی انہوں نے فیسٹیول میں ہونے والی بدنظمی کی تصدیق کرتے ہوئے پوری داستان سنادی ۔

کیفی نے بتایا کہ وہ کراچی میں جاری ایٹ فیسٹیول میں گزشتہ رات ہونے والی بدنظمی کے باعث کنسرٹ ادھورا چھوڑ کر روانہ ہوگئے تھے ان کا کہنا تھا کہ کنسرٹ میں آئی خواتین کو ہراساں کیا گیا جوکہ کچھ دیر لطف اندوز ہونے کیلئے اپنی فیملی کے ساتھ آئی تھیں۔ کیفی نے ایونٹ آرگنائزر سے درخواست کی کہ وہ کنسرٹ کیلئے بہتر جگہ کا انتخاب کریں اور آرٹسٹ سمیت ایونٹ میں آئے تماشائیوں خاص کر خواتین کی سیکیورٹی یقینی بنائیں۔

کیفی کا کہنا تھا کہ کل کے واقعے نے انہیں بےحد مایوس اور پریشان کیا ہے اس سے قبل بھی ایک مرتبہ اس طرح کی بدنظمی کی وجہ سے انہیں پرفارمنس ادھوری چھوڑ کر جانا پڑا تھا۔

کیفی خلیل نے مداحوں سے درخواست کی وہ اپنے رویے کو بہتر بنائیں اور سب کے ساتھ عزت سے پیش آئیں خاص طور پر خواتین کی عزت کرنا سیکھیں۔

وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ نوجوان رکاوٹیں پھیلانگ کر داخل ہوئے اور فیسٹیول میں آئی خواتین اور فیملیز کو ہراساں کیا، اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔

فیسٹیول کی انتظامیہ نے اپنے بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اختتامی روز ہونے والے واقعات افسوس ناک ہیں۔

انتظامیہ نے اعتراف کیا کہ فیسٹیول میں بہتر صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مزید سخت انتظامات کیے جانے چاہئیے تھے اور آئندہ اس بات کا خیال رکھا جائے گا۔

شہریوں انتظامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دسویں کراچی ایٹ فیسٹیول کو اب تک کا بدترین فیسٹیول قرار دیا۔

ایک صارف نے نشاندہی کی کہ ہنگامہ آرائی کے دوران منتظمین نے لائٹس بند کر دیں جس سے صورتحال مزید خراب ہو گئی۔