Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

ڈالر بحران، پاکستان معاشی تباہی کی دہلیز پر ہے، فنانشل ٹائمز

صنعتیں بند ہورہی ہیں، ڈالر بے قابو ہے اور حکومت بیٹھی ہاتھ مل رہی ہے۔
اپ ڈیٹ 26 جنوری 2023 07:34pm
تصویر بزریعہ گیٹی امیجز
تصویر بزریعہ گیٹی امیجز

پاکستان معاشی تباہی کی دہلیز پر کھڑا ہے، ڈالر نے پاکستانی روپے کو پیروں تلے روند ڈالا ہے، بجلی کے بلیک آؤٹ اور غیر ملکی کرنسی کی شدید قلت کے باعث کاروباری ادارے آخری سانسیں لے رہے ہیں اور حکام مزید بحران کو دور کرنے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے بیل آؤٹ کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پاکستانی بندرگاہوں پر درآمدات سے بھرے شپنگ کنٹینرز کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، خریدار ان کی ادائیگی کے لیے ڈالر کا انتظام کرنے سے قاصر ہیں اور حوالہ مارکیٹوں کا رخ کر رہے ہیں، جس سے ڈالر کی قیمتوں کو پر لگے ہوئے ہیں۔

ایئر لائنز اور غیر ملکی کمپنیوں کی ایسوسی ایشنز نے خبردار کیا ہے کہ گھٹتے ہوئے غیر ملکی ذخائر کو بچانے کے لیے لگائے گئے کیپٹل کنٹرولز کے ذریعے انہیں ڈالر واپس نکلوانے سے روک دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل مینوفیکچررز جیسی فیکٹریاں توانائی اور وسائل کو بچانے کے لیے لانٹس بند کر رہی ہیں یا چند گھنٹے کام کر رہی ہیں۔

پیر کو ملک بھر میں 12 گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والے بلیک آؤٹ کی وجہ سے ان مسائل میں مزید اضافہ ہوا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو ”تکلیف پر دلی افسوس“ کا اظہار کیا اور کہا کہ انکوائری وجہ کا تعین کرے گی۔

اسلام آباد میں میکرو اکنامک انسائٹس کے بانی، ثاقب شیرانی کہتے ہیں، ”پہلے ہی بہت سی صنعتیں بند ہو چکی ہیں، اگر وہ صنعتیں جلد دوبارہ شروع نہیں ہوتیں، تو کچھ نقصانات ناقابل واپسی ہو جائیں گے۔“

تجزیہ کاروں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی معاشی صورتِ حال غیر مستحکم ہوتی جا رہی ہے اور سری لنکا جیسی صورتِ حال پیدا ہونے کا خطرہ ہے، جہاں غیر ملکی ذخائر کی کمی نے اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کو جنم دیا اور بالآخر مئی میں ملک ڈیفالٹ ہوگیا۔

پاکستان کے غیر ملکی ذخائر 5 بلین ڈالر سے کم ہو گئے ہیں، جو ایک مہینے کی درآمدات سے بھی کم ہے، دوسری جانب شریف حکومت آئی ایم کے ساتھ 7 بلین ڈالر کے امدادی پیکج کو بحال کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے جو گزشتہ سال تعطل کا شکار ہوگیا تھا۔

عالمی بینک کے سابق مشیر عابد حسن کہتے ہیں کہ ”اب ہر گزرتا دن اہمیت رکھتا ہے۔ یہ واضح نہیں ہے اس (بحران) سے باہر نکلنے کا راستہ کیا ہے۔“

انہوں نے کہا کہ ”اگر انہیں ایک یا دو بلین (ڈالر) رول اوور بھی ہو جائیں تو حالات اتنے خراب ہیں کہ یہ صرف ایک بینڈ ایڈ ہو گا۔“

پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے فنانشل ٹائمز کو بتایا کہ پاکستان نے غیر ملکی کرنسی کو بچانے کی کوشش میں درآمدات میں ”بڑی حد تک“ کمی کی ہے۔

تجزیہ کاروں کہتے ہیں کہ اس میں بینکوں کو درآمد کنندگان کے لیے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) کھولنے سے روکنا شامل ہے، جس سے اس ہفتے اسٹیل انڈسٹری کی ایک باڈی پیداوار روکنے کی دھمکی دے سکتی ہے۔

مرکزی بینک نے پیر کے روز کہا تھا کہ وہ خوراک اور ایندھن جیسی ضروری اشیاء کی فراہمی کو آسان بنانے کے لیے درآمدی پابندیوں میں نرمی کر رہا ہے۔

پاکستان اب بھی گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب سے دوچار ہے، جس نے دسیوں ملین افراد کو متاثر کیا اور اندازے کے مطابق 30 بلین ڈالر کا نقصان پہنچایا۔

بین الاقوامی قرض دہندگان نے رواں ماہ جنیوا میں ہونے والی ایک ڈونر کانفرنس میں ملک کی بحالی کے لیے 9 بلین ڈالر سے زیادہ کا وعدہ کیا تھا، لیکن یہ رقم کیسے اور کب آئے گی اس کے بارے میں ابھی بات چیت جاری ہے۔

شریف حکومت نے کہا ہے کہ وہ فنڈز کی اگلی قسط جاری کرنے اور آئی ایم ایف معاہدے کو بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

لیکن فریقین آئی ایم ایف کے اس مطالبے پر تعطل کا شکار ہیں کہ پاکستان توانائی کی امدادی قیمتوں میں اضافہ جیسی اقتصادی اصلاحات کو قبول کرے۔

احسن اقبال کہتے ہیں کہ، ”اگر ہم صرف آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرتے ہیں جیسا کہ وہ چاہتے ہیں، تو سڑکوں پر ہنگامے ہوں گے۔“

انہوں نے کہا کہ ”ہمیں ایک حیران کن پروگرام کی ضرورت ہے۔ معیشت اور معاشرہ فرنٹ لوڈڈ پروگرام کے جھٹکے یا لاگت کو جذب نہیں کر سکتے۔“

معاشی بحران ایسے وقت میں پیدا ہوا جب پاکستان رواں سال ہونے والے انتخابات کی تیاری کر رہا ہے۔

شریف حکومت کے اصل حریف عمران خان ہیں، جو سابق وزیر اعظم بھی ہیں جنہیں گزشتہ سال معزول کر دیا گیا تھا لیکن وہ بدستور مقبول ہیں۔

دونوں رہنما ایک دوسرے کو معاشی بدحالی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں، اور عمران خان اداروں کو قبل از وقت انتخابات پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما تیمور خان جھگڑا نے فنانشل ٹائمز کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ہمیں متوقع طاقت کی ضرورت ہے۔“ شہباز شریف کی حکومت توانائی کی فراہمی میں غلط طریقے سے کام کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں استعمال شدہ کاروں کے شوروم میں اپنی ملازمت سے محروم ہونے والے 25 سالہ اکرم خان کہتے ہیں کہ جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، پاکستان میں کچھ بھی کام نہیں کرتا۔“ ”موسم سرما کے آغاز سے، ہمارے گھر میں گیس کی قلت تھی۔ اور اب ہم نے دیکھا کہ ہمارے پورے ملک کی بجلی منقطع ہو رہی ہے۔“

Financial Times

US Dollars

US dollar vs PKR

Economic Crises

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div