Aaj News

منگل, اپريل 23, 2024  
15 Shawwal 1445  

پانچ کے ٹولے نے ملک کو برباد کردیا، مریم نواز

'جسے عمران آنکھ، کان اور ناک کہتا تھا وہ افغانستان میں کھڑا قہوہ پیتے کہتا تھا سب ٹھیک ہوجائے گا'
شائع 01 فروری 2023 05:40pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) چیف آرگنائیزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پانچ کے ٹولے نے ملک کو برباد کردیا، ان کو انجام تک پہنچائیں گے۔

بہاولپور میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے کارکنوں کے لیے سلام لائی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں کسی عہدے کی محتاج نہیں، یہ چیف آرگنائیزر اور سینئیر وائس پریزیڈنٹ کے عہدے مجھے حال ہی میں ملے ہیں، آپ لوگوں کی محبت میرے لئے کافی ہے۔

کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ بہاولپور کے لوگوں نے جس طرح برے وقت میں نواز شریف اور مرین نواز کا ساتھ دیا، میں دونوں ہاتھوں سے سلام پیش کرتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ کے بعد آپ میری سب سے بڑی طاقت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو موروثیت سے تکلیف ہو رہی ہے، عوام کی آواز اور محبت کو موروثیت نہیں جمہوریت کہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران کے چار سالہ انتقام اور جبر کے دور میں جس طرح عوام نے ساتھ دیا، اس کی مثال پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔

مریم کا کہنا تھا کہ میڈیا پر نواز شریف اور مریم نواز کی آواز بند کردی گئی، تب پارٹی ک کارکن نواز شریف اور مریم نواز کی آواز بنے، جلسہ گاہ میں پانی چھوڑ دیا گیا اسٹیڈیم کے دروازے بند کردئیے گئے تب بھی میں نے کارکنوں سے خطاب کیا، مریم نواز نے جمہوریت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس بات کا علم ہے کہ پاکستان میں مہنگائی ہے، مجھے احساس ہے کہ بجلی، گیس اور روٹی مہنگی ہے، نواز شریف بھی لندن میں پریشان ہیں۔

ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ 2018 سے لے کر 2022 تک جن حالات سے ملک گزرا ہے، شکر کرو پاکستان تباہی سے بچ گیا، یہ تو اگلے 12 سال کا پروگرام بنا کر بیٹھے تھے۔ پانچ کا ٹولہ یہاں بیٹھا ہوتا تو سوچو پاکستان کا کیا حال ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کھلاڑیوں اناڑیوں نے معیشت کا برا حال نہیں کیا، پچھلے چار سال میں معیشت پر خودکش حملہ ہوا ہے، آئی ایم ایف کا معاہدہ عمران خان نے کیا تھا، عمران خان نے پاکستان کو گروی رکھ دیا۔ جاتے جاتے جب کرسی ہلتی نظر آئی تو اس معاہدے کو پھاڑ کر پھینک گیا، یہ جانتے ہوئے کہ معاہدہ پھاڑنے کا خمیازہ عوام بھی بھگتے گی اور ملک بھی بھگتے گا۔

مریم نواز کہتی ہیں کہ جس دن عمران خان نے اسمبلی توڑی تو مسلم لیگ ن کے لیے آسان تھا کہ ہم الیکشن میں چلے جاتے، اس وقت اگر ہم الیکشن میں چلے جاتے تو دوتہائی اکثریت سے جیت کر واپس آتے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نے کہا الیکشن کراؤ ورنہ میں دھرنے کیلئے آؤں گا، نواز شریف نے کہا میں کسی کے باپ کی دھمکی میں نہیں آؤں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جو ملک کے سری لنکا بننے کی خواہش دل میں لئے پھرتا ہے تو یاد رکھو شہباز شریف نے ملک کو سری لنکا بننے سے بچایا۔

ن لیگ کی سینئیر نائب صدر نے کہا کہ چارسال جس گروہ نے ملک کو بے دردی سے لوٹا، عمران اور اس کے سہولت کار جنہیں میں پانچ کا ٹولہ کہتی ہوں، چاہے وہ کھوسہ ہو یا ڈیم والا بابا، وہ عمران ہو یا عمران کی بیساکھیاں سب انجام کو پہنچیں گے، ان کو بے نقاب کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت پہلی تھی جس نے2016 میں نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، نواز شریف اور اسحاق ڈار نے تین سال پروگرام چلایا تب بھی قیمتیں نہیں بڑھی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں روٹی دو روپے، چینی 50 روپے، آٹا 35 روپے، زیرو لوڈ شیڈنگ سے کس کو اور کیوں تکلیف ہوئی۔ نواز شریف کے 9 سال اگر 75 سال تاریخ سے نکال دو پاکستان کھنڈر نظر آئے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ کل کی دہشت گردی نے پورے ملک کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔ جس دہشتگردی کو نواز شریف نے ضربِ عضب، ردالفساد لڑ کر ختم کردی تھی، عمران خان کے ہاتھ آنکھیں اور کان خیبر پختونخوا میں تعینات تھا تو کیوں خطرناک ترین دہشت گردوں کو رہائی دی۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ عمران خان کی آنکھ، کان اور ناک پاکستان کی آنکھ کان اور ناک بنا ہوتا تو آج خیبرپختونخوا میں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ جسے عمران آنکھ، کان اور ناک کہتا تھا وہ افغانستان میں کھڑا قہوہ پیتے کہتا تھا سب ٹھیک ہوجائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت تھی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں اب بھی عمران خان کی حکومت ہے، مہنگائی ختم کرنے کی ذمہ داری صوبوں کی ہے، شہباز شریف کی حکومت تو صرف وفاق میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی اور پولیس نہتے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں، وہاں انہیں کوئی سہولیات دستیاب نہیں کیونکہ پختونخوا کو تو انہوں نے صرف ہیلی کاپٹر کے خرچوں کیلئے رکھا ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جعلی ہی صحیح وزیراعظم تو تھا نا، چار سال میں قومی سلامتی کی آٹھ میٹنگز ہوئیں، یہ ایک میں بھی نہیں گیا۔

PMLN

Maryam Nawaz

imran khan

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div