Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

پی ٹی آئی کے 43 سابق ایم این ایز کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل

لاہورہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو انتخابات سے روک دیا
اپ ڈیٹ 08 فروری 2023 10:32am
فوٹو۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔ اے پی پی

لاہورہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 43 سابق ارکان قومی اسمبلی (ایم این ایز) کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کرتے ہوئے ضمنی انتخابات روک دیے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے 43 سابق ایم این ایز کے استعفے منظور کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

دائر درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی ،الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور

درخواست ریاض فتیانہ، نصر اللہ خان اور طاہر صادق سمیت دیگر نے درخواست دائر کی ہے۔

درخواست گزاروں کے جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو بتایا کہ ممبران اسمبلی سے استعفیٰ منظور ہونے سے قبل ہی واپس لے لیے تھے، استعفے واپس لینے کے بعد اسپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ استعفے منظور کریں، ممبران اسمبلی کے استعفے منظور کرنا خلاف قانون اور بددیانتی پر مبنی ہے۔

علی ظفر نے کہا کہ ممبران قومی اسمبلی کے استعفے عدالت عظمی کے طے کردہ قوانین کے برعکس منظور کیے گئے، اسپیکر قومی اسمبلی نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے استعفے منظور کیے، استعفے منظور کرنے سے پہلے اسپیکر نے ممبران کو بلا کر مؤقف نہیں پوچھا، ممبران کی مرضی کے بغیر استعفے منظور کرنے کا اقدام غیر آئینی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور

عدالت نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفے منظور کرنے کے الیکشن کمیشن کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حتمی فیصلے تک منظور کی گئی نشستوں پر الیکشن روکنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے 43 ممبران قومی اسمبلی کے منظور کیے گئے استعفوں کا حکم معطل کر دیا۔

عدالت نے ان تمام حلقوں میں ضمنی انتخابات روکنے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

اب تک کن ارکان کے استعفے منظور ہوئے؟

یاد رہےکہ چند روز قبل بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے منظور کیے تھے۔

اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جولائی 2022 میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس میں سے کراچی سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے عدالت میں درخواست دائر کر کے اپنے استعفے کی درخواست واپس لے لی تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے 20 جنوری کو پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے۔

اب مزید 43 استعفوں کی منظوری کے بعد مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 123 اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 124 اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔

pti

Lahore High Court

PTI Resignations

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div