Aaj News

جمعہ, ستمبر 20, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 1.5 بلین ڈالر کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو

500 ملین ڈالرز متاثرین کے گھروں کی تعمیر پر خرچ ہوں گے، وزیر خارجہ
شائع 08 فروری 2023 02:04pm
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 1.5 بلین ڈالر کی ضرورت ہے۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ سیلابی صورتحال قیامت سے پہلے قیامت تھی، سیلاب سے انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور5 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تاریخ میں ایسی آفت پہلے کبھی نہیں آئی، سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے، پوری دنیا اس وقت معاشی چیلنجز سے نمٹ رہی ہے، پاکستان نے کورونا کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لئے جنیوا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، ہم نے عالمی برادری سے امداد کی اپیل کی، ورلڈ بینک سمیت پوری دنیا نے ہماری مدد کی، ورلڈ بینک کی جانب سے 2 بلین ڈالرز کی منظوری دی گئی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی آباد کاری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، ہمیں ہر سیلاب متاثرہ شخص کی مدد کرنی ہے، ہم نے اپنے لوگوں کا گھر پھر سے بنانا ہے، 500 ملین ڈالرز متاثرین کے گھروں کی تعمیر پر خرچ ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہمیں متاثرین کی امداد کے لئے 1.5 بلین ڈالر کی ضرورت ہے، سیلاب متاثرین کو گھروں کے مالکانہ حقوق بھی دیں گے، مالکانہ حقوق ملنے سے متاثرین کی بڑی مدد ہوگی، غریب لوگوں کے پاس پیسہ ہوگا تو معیشت بہتر ہوگی۔

karachi

Bilawal Bhutto Zardari

Flood victims

Pakistan Floods

Pakistan Foreign Minister