Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی

ملک میں اشیائے خور و نوش کی کوئی کمی نہیں، شہباز شریف
شائع 13 فروری 2023 03:06pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی اور اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت بنیادی اشیائے خور و نوش کی دستیابی اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔

دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل اور کم قیمت میں فراہمی حکومتوں کی اولین ذمے داری ہے تاہم بنیادی اشیائے خورد و نوش کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی اور اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گندم سمیت دیگر بنیادی اشیائے خور و نوش کی کسی بھی قسم کی کمی نہیں۔

شہباز شریف نے وفاق اور صوبوں کو اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین برقرار رکھنے کے حوالے سے روابط اور ہم آہنگی بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی اشیاء کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سپلائی چین کو مؤثر بنانے کے حوالے سے خصوصی کمیٹیز قائم کرنے اور اور رمضان المبارک کے دوران اشیاء کی سستے داموں فراہمی کے لیے صوبوں کو ٹھوس حکمت عملی پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں میں قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، رمضان بازاروں میں سیکیورٹی کے خاطر خواہ اقدامات ہونے چاہئیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں اشیائے خور و نوش کی کوئی کمی نہیں اور عوام تک گندم ، دالوں، خوردنی تیل سمیت دیگر اشیاء کی ترسیل کے لئے مناسب اقدامات کئے جا رہے ہیں، مصنوعی قلّت پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد

STOCK

PM Shehbaz Sharif

Necessary goods

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div