Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

ایک عدالت سے عمران خان کی ضمانت خارج، دوسری مہلت سے انکاری

اے ٹی سی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی
اپ ڈیٹ 15 فروری 2023 03:05pm
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیشی پر سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت خارج کر دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت کی۔

بابر اعوان کے دلائل

دوران سماعت عمران خان کے وکیل بابراعوان نے مقدمے کی ایف آئی آر پڑھنے کے بعد دلائل دیے کہ عمران خان کی ایما پردفعہ 144 کی خلاف ورزی پرمقدمہ درج کیا گیا، دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئیں، استدعا ہے کیس سے دہشت گردی دفعات حذف کی جائیں۔

جج راجہ جواد عباس حسن نے کہا کہ یہ ضمانت کی درخواست پرسماعت ہو رہی ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان نہ کبھی ملک اور نہ ہی کبھی عدالت سے بھاگے ہیں ، سفر نہیں کرسکتے، ایڈیشنل سیشن جج نے27 فروری تک عبوری ضمانت دے رکھی ہے، استدعا ہے یہ عدالت بھی 27 فروری تک عبوری ضمانت میں توسیع دے دیں، پوری کابینہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا سوچ رہی ہے۔

جج نے ریماکس دیے کہ اگربلٹ انجری پرایک ملزم کو ریلیف دیا تو دیگر کو بھی دینا پڑے گا۔

عمران خان کے وکیل بابراعوان نے کہاکہ عدالت ضمانت درخواست یہ کہہ کرواپس کردے کہ دہشت گردی کی دفعات نہیں بنتیں۔

جج راجہ جواد عباس حسن اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک فیصلے نے ہمارے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں، چالان جمع ہونے کے بعد ہم اس مرحلے پر پہنچیں گے۔

مزید پڑھیں: عمران خان پیش نہ ہوئے تو ضمانت قبل از گرفتاری پر آرڈر جاری کریں گے، عدالت

بابراعوان نے کہاکہ عدالت ایک آخری موقع دے کرسمن جاری کردے 10 ہزارکا شورٹی بانڈ جمع کرانے کو تیار ہوں، مجھے ضمانت کی درخواست واپس لینے کی ہدایات لینے دیں۔

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ اگر آپ ضمانت کی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں تو دروازہ کھلا ہے، اگر درخواست واپس نہ لی تو عدالت فیصلہ سنائے گی، اگر لاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے کر آئیں تو وہ دروازہ بھی کھلا ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو ایک اور کیس میں عدالت پیشی سے استثنیٰ مل گیا

بعد ازاں وکیل بابر اعوان نے عمران خان سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا۔

جج راجہ جواد عباس نے ریمارکس دیے کہ آپ مشاورت کر لیں ورنہ ہم فیصلہ سنائیں گے، عمران خان ضمانت کی درخواست واپس لیں گے یا عدالت فیصلہ کرے۔

عدالت نے ڈھائی بجے تک کی مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد مہلت کا وقت پورا ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے فیصلہ سناتے ہوئے عدم پیشی پرعمران خان کی ضمانت خارج کردی۔

عمران خان کو آج ہی پیش ہونے کا حکم

اس سے قبل انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان کو آج ڈیڑھ بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

جج جواد عباس نے احکامات جاری کرتے ہوئے عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست بھی خارج کر دی تھی۔

الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں عمران خان عبوری ضمانت پر ہیں۔ عدالت نے آج تک حاضری کے لیے عمران خان کو مہلت دے رکھی تھی۔

بینکنگ کورٹ نے بھی آج ہی بلایا

اس سے قبل بینکنگ کورٹ بھی عمران خان کو آج عدالتی وقت ختم ہونے سے پہلے پیش ہونے کا حکم دے چکی ہے۔

بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کو آج ساڑھے 3 بجے تک پیش ہونے کی مہلت دے دی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں عمران خان عبوری ضمانت پر ہیں۔

عدالت نے آج تک حاضری کے لیے عمران خان کو مہلت دے رکھی تھی۔

pti

ATC

imran khan

ecp case

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div