Aaj News

اتوار, مئ 19, 2024  
10 Dhul-Qadah 1445  

ایف نائن زیادتی کیس؛ مبینہ پولیس مقابلے اور ملزمان کی ہلاکت کی تحقیقات کا آغاز

تحقیقات کیلئے تین رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی
شائع 18 فروری 2023 11:37am

اسلام آباد ایف نائن زیادتی کیس میں ملزمان کی ہلاکت کے مبینہ پولیس مقابلے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

اسلام آباد کے علاقے ایف نائن میں زیادتی کیس کے ملزمان کی ہلاکت کے مبینہ پولیس مقابلے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، اور اس حوالے سے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے تین رکنی انکوائری کمیٹی قائم کرتے ہوئے مراسلہ جاری کردیا ہے۔

مبینہ پولیس مقابلے کی تحقیقات کا آغاز پولیس کے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے مقتولین نواب خان اور اقبال خان کے اہلخانہ کی جانب سے موصول شکایت پر کیا گیا ہے۔

تحقیقات کیلئے انتظامیہ نے تین رکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جس میں اسٹنٹ کمشنرصدر،ایس پی صدراورڈی ایس پی اسپیشل برانچ کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے تین رکنی انکوائری کمیٹی کو جاری مراسلے میں کہا گیا کہ معاملے کو قانون کے مطابق تحقیقات کی جائے اور ذمہ داروں کیخلاف کاروائی کی جائے۔

واقعے کا پس منظر

رواں ماہ 2 فروری کی شام متاثرہ خاتون کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف نائن پارک میں گن پوائنٹ پر دو ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ لڑکی کے پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق وہ چہل قدمی کے لیے کولیگ کے ساتھ پارک آئی تھی۔

مسلح افراد نے چہل قدمی کرتے وقت روکا، لڑکی کو الگ لے گئے اور جان سے مارنے کی دھمکی دی، شور کرنے پر تھپڑ مارے، درختوں کے جھنڈ میں لے جاکر تشدد کیا، کپڑے پھاڑ ڈالے اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔

بعدازاں لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر گینگ ریپ کے واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا۔

ایف نائن پارک میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے کے خلاف سیکٹر ایف ٹین میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔

مظاہرے میں خواتین اور مردوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔