Aaj News

جمعرات, دسمبر 12, 2024  
10 Jumada Al-Akhirah 1446  

کسی مستعفی رکن کو اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں دیں گے، حکام قومی اسمبلی کا انتباہ

جن پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور ہوچکے وہی فیصلہ حتمی ہے، قومی اسمبلی حکام
شائع 26 فروری 2023 10:39am

قومی اسمبلی حکام کا کہنا ہے کہ جن اراکین اسمبلی کے استعفے منظور ہوچکے انہیں اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے 70 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن معطل کردیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی ارکان نے اسمبلی میں واپس جانے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسپیکر راجا پرویز اشرف نے اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا ہے، اور جن پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور ہوچکے ہیں وہی فیصلہ حتمی ہے۔

ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ 35 میں سے کسی بھی رکن کو کل قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور اگر کسی مستعفی رکن نے ایوان میں آنے کی کوشش کی تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

پی ٹی آئی کے 70 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکیشن معطل

قومی اسمبلی حکام کا موقف ہے کہ لاہور ہائی کورٹ یا الیکشن کمیشن نے کسی رکن کو بحال نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے صرف ضمنی انتخابات کا اپنا نوٹیفیکیشن معطل کیا ہے، عدالت نے بھی اسپیکر کے استعفے منظور کرنے کے فیصلے کو معطل نہیں کیا۔

ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بھی کسی بھی تحریک انصاف رکن کی رکنیت بحال نہیں کی، تحریک انصاف عدالتی فیصلے کی اپنی مرضی سے تشریح کررہی ہے۔

PTI Resignation

pti resigns