Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

ہمیں عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوئی جلدی نہیں، خواجہ آصف

عمران خان نےعدالت پیش نہ ہونے کی منفی روایت ڈالی، وزیر دفاع
شائع 07 مارچ 2023 12:43pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان لوگوں کو اداروں کیخلاف اکساتا ہے، اس شخص نے عدالت پیش نہ ہونے کی منفی روایت ڈالی، ہمیں عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوئی جلدی نہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کامقابلہ کررہی ہیں، بلوچستان میں ہونے والا دہشتگردی کا واقعہ افسوسناک ہے، دہشتگردی میں قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر دکھ ہے، ماضی میں بھی ہم نے دہشتگردی پر قابو پایا،اب بھی قابو پالیں گے، افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہوناچاہئے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان نےملک میں عجیب وغریب ڈراما شروع کر رکھا ہے، ماضی میں کسی ملزم نےعدالت پیشی سے انکار نہیں کیا، لیکن عمران خان نےعدالت پیش نہ ہونے کی منفی روایت ڈالی، یہ شخص قانون اور اداروں کیخلاف لوگوں کو اکساتا ہے، اس شخص نے آرمی چیف کی تعیناتی کو بھی متنازع بنایا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی شخصیات نےاپنی ساکھ کیلئےعدالتوں میں پیشی دی، سیاست دان جیل جاتا ہے تو اپنےنظریات پر فخر کرتا ہے, نوازشریف نے سیکڑوں پیشیاں بھگتیں، عمران خان نوازشریف سے ہی تھوڑی جرات لے کر عدالت پیش ہوجائیں، لیکن وہ بزدل شخص ہے، گرفتاری سے ڈرتا ہے، اس کی جیل بھرو تحریک میں ان کے لوگ چند دن جیل میں رہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاستدان نہیں مفاد پرست ہیں، ان کو اپنی عزت نفس کا بھی خیال نہیں، وہ اپنے سپورٹر کے سامنے ہی بےنقاب ہوگئے، اس نے ٹانگ پر جعلی پلاسٹر لگا رکھا ہے، اور کبھی کبھی بھول جاتے ہیں کہ پلسٹر سیدھی ٹانگ میں تھا یا الٹی پر۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف اور ان کے پورے خاندان نے الزامات کا عزت کے ساتھ مقابلہ کیا اور جیلیں کاٹیں، ہمیں عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوئی جلدی نہیں لیکن وہ گرفتاری کے ڈر سے کبھی کہیں اور کبھی کہیں چھپ جاتے ہیں، وہ عدالتی احکامات ماننے سے انکاری ہیں، عدالت حکم دے توعمران خان کوگرفتارکرناچاہئے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان مکمل طور پر بے نقاب ہو کر سامنے آگئے ہیں، اب تو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی کہہ دیا کہ میں نے انہیں مکمل صادق و امین نہیں کہا تھا، آنے والا وقت بتائے گا کہ کون کس کے ساتھ کیا کرتا ہے۔

PMLN

اسلام آباد

imran khan

Khawaja Asif

Politics March 07 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div