Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

سوشل میڈیا فوکل پرسن اظہرمشوانی کولاپتا ہوئے 3 دن ہوگئے، حکومت نے تمام حدیں پارکردیں، فواد

اظہر کو کہاں رکھا ہے بتایا جائے، پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے بھائی کی میڈیا سے گفتگو
اپ ڈیٹ 26 مارچ 2023 06:07pm

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکمران ملک میں جلد ازجلد انتخابات کروائیں کیونکہ موجودہ حالات میں آئین پر عمل کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ آنے والا ہفتہ ملکی تاریخ کیلئے اہم ترین ثابت ہوگا۔

لاہور میں پی ٹی آئی کے لاپتا کارکن اظہر مشوانی کے ہمراہ فواد چوہدری، اسد عمر سمیت دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی۔ اس دوران حکومت کو نشانے پر رکھتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو لاپتا اور خواتین کو بےعزت کیا جارہا ہے، ماضی میں کبھی ایسا بیہیمانہ سلوک نہیں کیا گیا، گھروں سے 10 اور 13 سال کے بچوں کو بھی اٹھایا جارہا ہے، ایک کارکن کے80سالہ والد کو بھی اٹھا لیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ اظہرمشوانی کولاپتا ہوئے3 دن ہوگئے، موجودہ حکومت نے تمام حدیں پارکردی ہیں، پاکستان کےعوام کی بےعزتی برداشت نہیں کی جاسکتی، یہ لوگ حکومت چلارہے ہیں یا کوئی گینگ ، راناثنا کہتا ہے کہ عمران خان نہیں یا ہم نہیں، حکمرانوں نے ملک کو تماشا بناکر رکھ دیا ہے حالانکہ سیاست ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کا نام ہے۔

لاہور میں فواد چوہدری اور اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے بھائی نے کہا کہ اظہر نے اگر کوئی قانون توڑا تو بتایا جائے، اظہر کو کہاں رکھا گیا ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے بھائی کا مزید کہنا تھا کہ اظہر مشوانی ساڑھے پانچ بجے گاڑی لیکر زمان پارک کی طرف نکالا، افطاری کے وقت کالز کی لیکن اسکا نمبر نہیں ملا، رابطہ نہ ہونے پر اظہر کو ڈھونڈنا شروع کیا لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ تھانہ گرین ٹاؤن میں گمشدگی کی درخواست دی، تھانے والوں نے کہا کہ درخواست سے پی ٹی آئی کا لفظ نکال لیں، آپ کی دخواست پھر لیں گے ہمیں اوپر سے حکم ہے، پھر ہفتہ کی رات کو ایف آئی آر کاٹی گئی۔

نیوز کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے خط پر وزیراعظم کے جوابی خط کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے صدرمملکت کے خط کا جواب دیا، خط سے وزیراعظم شہبازشریف کے قد کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ لاہور میں مینار پاکستان جلسے میں شرکت کرکے عوام نے حکمرانوں کو مسترد کردیا، پورا پاکستان اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، جلسے کے موقع پر لاہور کو کنٹینر لگا کر بلاک کیا گیا اور جب عمران خان پیشی پر گئے تو گھر پر حملہ کیا گیا، ہم نے پولیس حکام کو بھی ایف آئی آر میں نامزد کیا ہے۔

حکومت کی معاشی پالیسیوں اور رمضان ریلیف پیکج پر بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا میں پٹرول سستا اور پاکستان میں مہنگا ہورہا ہے جبکہ 72گھنٹے میں آٹے کے حصول کے دوران 6 افراد جاں بحق ہوچکے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے بھی حکومت کو آڑہے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت فیصلہ کن موڑ پر ہے، آنے والا ہفتہ ملکی تاریخ کیلئے اہم ترین ثابت ہوگا، عمران خان حکمرانوں کے عصاب پر سوار ہیں، حکمراں شکست کے خوف سے انتخابات نہیں کروا رہے۔

سابق وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکمراں ایک سال میں آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کرسکے، حکمرانوں نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے معاہدہ کیے بغیر ہی مہنگائی بڑھا دی ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے سوشل میڈیا فوکل پرسن اظہر مشوانی کے لاپتا ہونے پر پی ٹی آئی نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔

احتجاج میں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر، فواد چوہدری، مسرت جمشید چیمہ، جمشید اقبال چیمہ، سینیٹر اعظم سواتی، حماد اظہر، زلفی بخاری، اعجاز الحق، اعجاز چوہدری، اکمل خان باری، ڈاکٹر سیمی بخاری سمیت کارکنان نے شرکت کی۔

مظاہرین کی جانب سے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی، احتجاج میں شریک افراد نے اظہر مشوانی کو سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔

PDM

PM Shehbaz Sharif

PTI Minar e Pakistan jalsa 2023

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div