Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

برطانیہ کا ای ویزا پرمٹ صرف 10 پاؤنڈ میں کن ممالک کیلئے ہوگا

متعلقہ ممالک کے زائرین سب سے کم لاگت میں آسانی سے برطانیہ کا دورہ کرسکیں گے، روزی ڈیاز
شائع 10 جون 2023 10:34am
تصویر بذریعہ روئٹرز
تصویر بذریعہ روئٹرز

برطانوی حکومت نے خلیج تعاون کونسل کے ملکوں اور اردن کے شہریوں کے لیے صرف 10 پاؤنڈ کی لاگت سے ای ویزا پرمٹ کی دستیابی کا اعلان کردیا۔

خلیجی ملکوں سے آنے والے زائرین برطانوی معیشت کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ گزشتہ سال خلیجی ممالک سے 7 لاکھ 90 ہزار سے زیادہ زائرین نے برطانیہ کا دورہ کیا۔

الیکٹرانک وزٹ پرمٹ سسٹم میں منتقلی کا مطلب خلیج تعاون کونسل کے ملکوں اور اردن کے شہریوں کے لیے ویزا کی ضروریات کو منسوخ کرنا ہے۔

مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں برطانوی حکومت کی ترجمان روزی ڈیاز نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ الیکٹرانک وزٹ ویزے کے اخراجات اور ضروریات کو کم کرنے سے خلیجی ملکوں اور اردن کے زائرین سب سے کم لاگت میں آسانی کے ساتھ برطانیہ کا دورہ کر سکیں گے۔ ان ملکوں کے شہری سب سے پہلے ویزا سے مستفید ہوں گے۔

یاد رہے کہ نیا نظام ان ملکوں کے شہریوں کو دو سال کے عرصے میں کئی مرتبہ برطانیہ جانے کی اجازت دیتا ہے۔ اس کے مقابلے میں خلیجی ملکوں کے شہری اس وقت نافذ الیکٹرونک ویزا استثنیٰ کے نظام کے تحت برطانیہ جانے کے لیے 30 پاؤنڈ ادا کرتے ہیں۔ دوسری طرف اردن کے شہری برطانیہ کا وزٹ ویزا حاصل کرنے کے لیے 100 پاؤنڈ ادا کرتے ہیں۔

الیکٹرانک وزٹ پرمٹ سسٹم کا اطلاق اکتوبر 2023 میں قطری شہریوں اور خلیج تعاون کونسل کے بقیہ ملکوں اور اردن کے شہریوں پر فروری 2024 میں ہونا شروع ہو جائے گا جبکہ 2024 میں اس نئے سسٹم کا اطلاق پوری دنیا میں بھی متوقع ہے۔

واضح رہے کہ ای وزٹ پاس ان مسافروں کے لیے ایک ڈیجیٹل پاس ہے جو یوکے جانے والے ہیں یا یوکے سے گزرتے ہیں۔ انہیں مختصر دوروں کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں ہے یا جن کے پاس فی الحال برطانیہ کا دوسرا ویزا نہیں ہے۔

United Kingdom

Pakistan–United Kingdom relations

UK Visas and Immigration