Aaj News

جمعہ, مئ 03, 2024  
24 Shawwal 1445  

صنم جاوید سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

ہو سکتا صنم جاوید احتجاج کو کور کرنے گئی ہو، تحریری فیصلہ
شائع 26 ستمبر 2023 10:47am
تصویر: پی ٹی آئی
تصویر: پی ٹی آئی

انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

لاہور انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے گزشتہ روز جناح ہاؤس حملہ کیس میں خدیجہ شاہ سمیت 55 ملزمان کی ضمانتیں خارج جبکہ صنم جاوید سمیت 9 ملزموں کی ضمانت منظور کی تھیں۔

عدالت نے صنم جاوید سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے، انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے فیصلہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ صنم جاوید سوشل ایکٹوسٹ ہے، اور ہو سکتا کہ وہ احتجاج کو کور کرنے گئی ہو۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صنم جاوید جب سے گرفتار ہیں وہ جیل میں ہیں، ان ملزمان سے متعلق کوئی خاص کردار منسوب نہیں کیا گیا، دہشت گردی قوانین کے مطابق چالان مخصوص وقت میں جمع ہونا چاہیے، لیکن مقدمے کا چالان بھی جمع نہیں ہوسکا۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صنم جاوید کا کردار شریک ملزمان سے مختلف ہے، یہ معاملہ مزید انکوئری کا مطالبہ کرتا ہے، عدالت ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرنے کا حکم دیتی ہے۔

مزید پڑھیں: جیل میں کوئی زیادتی نہیں ہوئی: عالیہ حمزہ ، طیبہ راجہ سمیت 7 خواتین عدالت میں پیش

ملزمان میں صنم جاوید ،شاہ بانو ،افشاں طارق ،روبینہ جمیل اور آشیما شجاع شامل ہیں۔

صنم جاوید ایک بار پھر گرفتار

دوسری جانب انسانی حقوق کی کارکن بیرسٹر خدیجہ صدیقی نے بتایا کہ صنم جاوید سمیت 5 خواتین اور 6 مرد کارکنان جنہیں اے ٹی سی لاہور نے 23 ستمبر کو 9 مئی مقدمے میں ضمانت دی تھی، انہیں مبینہ طور پر کوٹ لکھپت جیل سے دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: جناح ہاؤس حملہ کیس: صنم جاوید سمیت 9 ملزمان کی ضمانتیں منظور، 55 کی خارج

صنم جاوید سمیت دیگر ان کی شریک ملزمان خواتین کی گرفتاری سے کچھ دیر قبل ہی ان کی رہائی کے روبکار جاری ہوئے تھے، لیکن اس سے قبل ہی پولیس کی نفری اور گاڑیاں گرفتاری کیلئے جیل پہنچ گئیں۔

کیس کا پس منظر

واضح رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا تھا۔

مزید پڑھیں: جناح ہاؤس حملہ کیس: پی ٹی آئی کی پہلی خاتون رہنما کی ضمانت منظور

پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کی دوران ملک کی اہم تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا تھا جس کی پاداش میں گرفتاریاں عمل میں لائی گئی تھیں، صنم جاوید و دیگر پر الزام ہے کہ انہوں نے جناح ہاؤس لاہور پر حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔

سانحہ 9 مئی کے بعد سول و عسکری قیادت نے فیصلہ کیا تھا کہ ملزمان کے خلاف کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، جن لوگوں نے فوجی تنصیبات کونشانہ بنایا ان کے کیسز فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں گے جبکہ دیگر املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے کیس انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں چلیں گے۔

pti

PTI Leaders arrested

sanam javed

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div