Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

ورلڈ کپ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ: نیدرلینڈز کے ہاتھوں جنوبی افریقا کو 38 رنز سے شکست

246 رنز کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 43 ویں اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2023 11:03pm

آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں دوسرا بڑا اپ سیٹ ہوگیا، میگا ایونٹ کے 15ویں میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 38 رنز سے شکست دے دی۔

دھرم شالہ کے تاریخی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کی جانب سے دیے گئے 246 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 42.5 اوورز میں 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیدرلینڈز نے گزشتہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی جنوبی افریقا کو اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا تھا۔

رواں ورلڈ کپ میں یہ دوسرابڑا سپ سیٹ ہے، اس سے قبل گزشتہ دنوں افغانستان نے بھی دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔

جنوبی افریقا اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ دھرمشالا میں ہماچل پردیش کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں صبح سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ ٹاس تاخیر کا شکار ہوا، میچ کا ٹاس جنوبی افریقا نے جیت کر پہلے بولنگ کا انتخاب کیا اور نیدرلینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

البتہ بارش اور موسم کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کو 43، 43 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

نیدرلینڈز کی بیٹنگ

نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 43 اوورز میں 8 وکٹوں پر 245 رنز اسکور کیے۔

جنوبی افریقا کے خلاف نیدر لینڈز کی پہلی وکٹ 22 رنز پر گری، اوپنر وکرم جیت سنگھ 16 بالز کھیلنے کے بعد 2 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ نیدرلینڈز کو دوسرا نقصان 24 رنز پر اٹھانا پڑا جب دوسرے اوپنر میکس او ڈاؤڈ 25 بالز پر 18 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

نیدر لینڈز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر باس ڈی لیڈے تھے جنہوں نے 7 گیندوں پر 2 رنز بنائے اس کے علاوہ کولن ایکرمین 25 گیندوں پر 18 رنز، سائبرینڈ اینجلبرچٹ 37 بالز پر 19 رنز، تیجا ندامانورو 25 بالز پر 20 رنز، لوگن وین بیک 27 گیندوں پر 10 رنز اور روئیلوف وین ڈیر مروے 19 گیندوں پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ آرین دت 23 رنز پر ناٹ آوٹ رہے رہے۔

نیدر لینڈز کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 69 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اور ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 10 چوکے اورایک چھکا شامل تھا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے لونگی نگیٹی ، مارکو جانسن اور کگیسو رباڈا نے 2 ،2 جبکہ جیرالڈ کوٹزی اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقا کی بیٹنگ

نیدرلینڈز کے 246 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم شروعات سے ہی مشکلات کا شکار رہی، جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی جبکہ ڈیوڈ ملر کے سوا کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکر رنز نہ بنا سکا۔

89 کے مجموعی اسکور پر پروٹیز کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، اوپنرز کوئنٹن ڈی کوک 20 رنز اور ٹیمبا باووما 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

جونبی افریقا کی تیسری وکٹ 42 کے مجموعی اسکور پر گری، ایڈن مارکرم 1 رن بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ 44 کے مجموعی اسکور پر راسی وین ڈیر ڈوسن بھی 4 رنز بناکر چلتے بنے۔

اس کے علاوہ ہینرک کلاسن 28 رنز، مارکو جانسن،9 رنز اور ڈیوڈ ملر 43 رنز بناکر ہمت ہار گئے، جیرالڈ کوٹزی 22 رنز اور کاگیسو رباڈا 9 رنز ہی بناسکے جبکہ کیشو مہاراج نے 40 اور لونگی نگیڈی 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیدرلینڈز کی شاندار بولنگ کی بدولت جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 42.5 اوورز میں 207 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں نیدرلینڈز کی ٹیم 38 رنز سے فاتح قرار پائی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وین بیک نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ باس ڈی لیڈے، پاؤل وین میکرین اور روئیلوف وین ڈیر مروے نے 2 ،2 اور کولن ایکرمین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز کو جنوبی افریقا کے خلاف شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ نیدر لینڈز کے خلاف جنوبی افریقا کی ون ڈے میں یہ پہلی شکست ہے۔

میچ کا ٹاس

دھرم شالہ کے تاریخی اسٹیڈیم میں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا باؤما نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، بارش کے باعث فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاکہ حریف ٹیم کے خلاف کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا سکیں۔

نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے پروٹیز کو پریشر میں لائیں۔

جنوبی افریقا کا اسکواڈ

جنوبی افریقی ٹیم میں کپتان ٹمبا باوما، کوئنٹن ڈی کوک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، کیشو مہاراج، جیرالڈ کوٹزی اور لونگی نگیڈی شامل ہیں۔

نیدلینڈز کا اسکواڈ

نیدرلینڈز کی ٹیم میں کپتان اسکاٹ ایڈورڈز، وکرم جیت سنگھ، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈے، تیجا ندامانورو، سائبرینڈ اینجلبرچٹ، روئیلوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت اور پال وین میکرین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں آج ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ کھیل رہی تھیں، جنوبی افریقا کو دونوں میچز میں کامیابی جبکہ نیدرلینڈز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 134 رنز سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب نیدرلینڈز کو اپنے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں 81 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 99 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

کس کا پلڑا بھاری

ون ڈے میچز میں دونوں ٹیمیں 7 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جس میں جنوبی افریقا نے 6 بار کامیابی حاصل کی اور ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا تھا۔

ون ڈے ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں 3 بار مدمقابل آئیں جس میں جنوبی افریقا کو نیدرلینڈز کے خلاف 0-3 کی برتری حاصل ہے۔

india

cricket

South Africa

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

Dharamshala

netherlands vs south africa

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div