Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں، وزیراعظم

ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، انوار الحق کاکڑ
شائع 23 اکتوبر 2023 07:15pm

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک پہنچانے کے لیے اقدامات کو تیز تر کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

پیٹرول کی قیمت میں کمی کے فوائد عام آدمی تک پہنچائے جائیں، ڈالر اور پیٹرولیم مصنوعات میں کمی سے 41 ارب کی بچت ہوئی، ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے اور قیمتوں میں کمی یقینی بنانے کے حوالے سے جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

اجلاس میں نگراں وفاقی وزرا مرتضی سولنگی، گوہر اعجاز، کوثر عبداللہ ملک، سمیع سعید، محمد علی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی جبکہ نگراں وزرائے اعلی محسن نقوی، جسٹس (ر) مقبول باقر، اعظم خان، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اعلی حکام وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

نگراں وزیراعظم کے زیرصدارت ہونے والے جائزہ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی اور اسمگلنگ و بجلی چوری کے خلاف آپریشن کے نتائج کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

حکام نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے مہنگائی کی شرح میں 1.7 فیصد کمی ہوئی، یہ کمی گزشتہ ایک برس میں سب سے زیادہ کمی ہے۔

دوران اجلاس وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پٹرول کی قیمت میں 12.38 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 4.7 فیصد کمی کے فوائد عام آدمی تک جلد سے جلد پہنچائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں استحکام اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بدولت مجموعی طور پر 41 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے جس کا ریلیف عام آدمی تک پہنچے گا۔

وزیر اعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، ڈالر کی قیمت میں استحکام اور اسمگلنگ کی روک تھام کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے چاروں صوبوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں گندم کی قیمت میں 18 فیصد اور چینی کی قیمت میں اوسطاً 16 فیصد کمی خوش آئند ہے۔

مزید پڑھیں

بائیومیٹرک نواز شریف کا حق، 2018 کی لیول پلیئنگ فیلڈ یاد ہے، انوار الحق

پیٹرول کی قیمت کم ہوچکی سرکاری ادارے اب مہنگائی کم کرائیں، نگراں وزیراعظم

عوام کو اکتوبر کے وسط میں پیٹرول پر بڑا ریلیف ملنے کا امکان

اجلاس کو بریفنگ میں حکام کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ انتظامیہ کی کوششوں کی بدولت قومی سطح پر 24 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے، زرعی پیداوار، بجلی، کرایوں اور صنعتی پیداوار کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی یقینی بنائی جارہی ہے۔

وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے اشیائے خورونوش و ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ اور فیصلہ سازی کیلیے قومی ادارہ شماریات کی تیار کردہ Decision Support System for Inflation ایپ کا استعمال کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وزرائے اعلی اور بلوچستان کے چیف سیکریٹری نے اپنے اپنے صوبوں میں کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چاروں صوبوں میں صوبائی انتظامیہ کے اقدامات کی بدولت سفری کرایوں میں اوسطًا 10 فی صد کمی واقع ہوئی ہے اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے۔

حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں اشیائے صرف کی قیمتوں میں کمی یقینی بنا رہی ہے۔

اسلام آباد

Petroleum products

petroleum prices

Caretaker prime minister

Caretaker PM

anwar ul haq kakar

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div