Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
20 Shawwal 1445  

ورلڈ کپ: اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے نیٹ رن ریٹ کیسے نکالا جاتا ہے؟

جنوبی افریقا سے نیوزی لینڈ کی ہار کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار
شائع 02 نومبر 2023 09:18pm

بھارت میں کھیلے جارہے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا میلہ پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے اور اپنے اختتام کے قریب پہنچ چکا ہے، پاکستان اور افغانستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں روشن ہیں، اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے نیٹ رن ریٹ کیسے نکالا جاتا ہے؟

جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر پاکستانی ٹیم کی اگلے مرحلے میں جانے کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔

گزشتہ روز مہاراشٹر کرکٹ اسٹیڈیم پونے میں کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے کھیلے گئے 32ویں میچ میں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 190 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کی اور اس حالیہ شکست کے بعد نیوزی لینڈ کے نیٹ رن ریٹ میں خاصی کمی آئی ہے اور یہ 1.232 سے کم ہوکر 0.484 تک پہنچ گیا ہے لیکن نیوزی لینڈ کے لیے اس میں مثبت پہلو یہ ہے کہ اس کا نیٹ رن ریٹ اب بھی منفی میں نہیں گیا۔

نیٹ رن ریٹ اہم تو ہے مگر پاکستان کا تجربہ کچھ اچھا نہیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر 5 ویں نمبر پر ہے اور اگلے دونوں میچوں میں اچھے مارجن سے فتوحات سیمی فائنل کے مرحلے سے رسائی کو ممکن بنا سکتی ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ دیگر ٹیمیں بشمول افغانستان، سری لنکا اور نیدرلینڈز بھی اپنے بقیہ تمام میچ جیت کر صورتحال کو دلچسپ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ویسے پاکستان کا نیٹ رن ریٹ اور نیوزی لینڈ کے ساتھ ماضی قریب میں تجربہ کبھی بھی اچھا نہیں رہا۔

2019 کے ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں کے پوائنٹس 11، 11 تھے لیکن بہتر رن ریٹ کے سبب نیوزی لینڈ سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرگئی تھی جس کے بعد اس نے فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ کیا تھا۔

نیٹ رن ریٹ کیسے نکالا جائے؟

کرکٹ میچ میں نیٹ رن ریٹ کی اہمیت اس وقت بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے جب دو ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہو جائیں اور یہ فیصلہ کرنا ہوکہ کونسی ٹیم آگے جائے گی، نیٹ رن ریٹ نکالنا بظاہر تو بہت زیادہ مشکل لگتا ہے لیکن اس کو نکالنااتنا ہی آسان ہے۔

کسی بھی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ نکالنے کے لیے ہمارے پاس 4 چیزوں کا ہونا لازمی ہے جس کے بعد ہما رے لیے رن ریٹ نکالنا آسان ہو جا تا ہے ان 4 چیزوں میں پہلا اس ٹیم کا کسی ٹورنامنٹ میں بنایا گیا کل اسکور، دوسرا اس ٹیم کے کھیلے گئے کل اوورز، تیسرا اس ٹیم کے خلاف بنائے گئے رنز اور چوتھا اس ٹیم کی طرف سے کروائے گئے اوورز شامل ہیں، اس طرح اس ٹیم کی اسط رنز فی اوورزکو اس ٹیم کے خلاف بنائی گئی اوسط رنز فی اوور سے تفریق کرنے سے آپ نیٹ رن ریٹ نکال سکتے ہیں ۔

مثال کے طور پر اگر کسی ٹیم نے 3میچز میں کل 150 اوورز کھیل کر 600 رنز بنائے ہوں تو اس کا اوسط رنز فی اوور( 600/150 ) 4 ہوگا اور اگر اس ٹیم کے خلاف 3 میچز میں 150 اوورز میں 450 رنز بنے ہوں تو اس کا اوسط رنز فی اووز (450/150) 3 ہوگا، جب ہم دونوں کو اوسط فی رنز کو تفریق (4-3) کرتے ہیں تو ہمارے پاس نیٹ رن ریٹ نکل آتا ہے جو کہ اس صورت میں 1.00+ ہوگا۔

پاکستان کے موجودہ نیٹ رن ریٹ کے ذریعے سمجھتے ہیں

پاکستان کا موجودہ ٹورنامنٹ میں نیٹ رن ریٹ نکال کر اسے مزید آسانی سے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں، پاکستان نے اب تک 7 میچ کھیلے ہیں، جس کی تفصیلات ذیل میں دی گئی ہیں۔

پاکستان بمقابلہ نیدرلینڈ – پاکستان (286 رنز پر آل آؤٹ)، نیدرلینڈز (205 رنز 41 اوورز میں آل آؤٹ)

سری لنکا بمقابلہ پاکستان – سری لنکا (50 اوورز میں 344 رنز)، پاکستان (48.2 اوورز میں 345 رنز)

پاکستان بمقابلہ انڈیا – پاکستان (191 رنز پر آل آؤٹ)، انڈیا (30.3 اوورز میں 192 رنز)

آسٹریلیا بمقابلہ پاکستان – آسٹریلیا (50 اوورز میں 367 رنز)، پاکستان (305 رنز پر آل آؤٹ)

پاکستان بمقابلہ افغانستان – پاکستان (50 اوورز میں 282 رنز)، افغانستان (49 اوورز میں 286 رنز)

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ – پاکستان (270 رنز پر آل آؤٹ)، جنوبی افریقہ (47.2 اوورز میں 271 رنز)

بنگلہ دیش بمقابلہ پاکستان – بنگلہ دیش (204 رنز پر آل آؤٹ)، پاکستان (32.3 اوورز میں 205 رنز)

یاد رہے کہ کوئی بھی ٹیم اگر 50 اوورز سے قبل آل آؤٹ ہوئی ہو، تو آئی سی سی قوانین کے مطابق اس کے اوورز پھر بھی 50 ہی شمار ہوں گے۔

ان 7 میچوں میں پاکستان نے کُل 1884 رنز بنائے ہیں جبکہ اوورز کی تعداد 330.5 ہے، اب رنز کو اوورز پر تقسیم کریں تو 5.694 آتا ہے۔

یاد رہے ایک اوور 6 گیندوں پر مشتمل ہوتا ہے، اس لیے ہم 330.5 اوورز پر رنز کی تقسیم کے وقت پوائنٹ کے بعد والی گیندوں کی ایوریج نکال لیں گے اور 330.5 کی جگہ 330.83 کا ہندسہ استعمال ہوگا۔

اسی طرح مخالف ٹیموں نے 7 میچوں میں پاکستان کے خلاف کُل 1869 رنز بنائے ہیں جبکہ اوورز کی تعداد 326.5 بنتی ہے۔ ان 7 ٹیموں کے رنز کو بھی ٹوٹل اوورز پر تقسیم کریں تو رن ریٹ 5.718 آتا ہے۔

اب پاکستان کے رن ریٹ 5.694 میں سے مخالف ٹیموں کی رنز بنانے کی مشترکہ اوسط 5.718 کو نکالیں گے تو پاکستان کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.024 نکل آئے گا۔

india

cricket

Pakistan Cricket Team

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

net run rate

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div