Aaj News

منگل, اپريل 30, 2024  
21 Shawwal 1445  

نگراں وزیراعظم کی خیبرپختونخوا کو ہائیڈل منصوبوں کے بقایاجات کی ادائیگی جلد کرنے کی ہدایت

وفاق کی ذمہ داری ہے تمام صوبوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائے، کاکڑ
شائع 22 نومبر 2023 07:45pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی آئی ڈی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی آئی ڈی

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے خیبرپختوںخوا کو ہائیڈل منصوبوں کے تمام بقایاجات کی ادائیگی جلد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ تمام صوبوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائے۔

نگراں وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ کی صدارت میں خیبر پختونخوا میں بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہداء کے خاندانوں کی بہبود کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں نگراں وزیرِاعلی خیبر پختونخوا جسٹس (ر)ارشد حسین شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔

نگراں وزیرِاعظم کو بجلی چوری کے سد باب کے لیے جاری آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

انوارالحق کاکڑ نے صوبائی انتظامیہ، واپڈا اور آپریشن میں حصہ لینے والے اداروں کے اہلکاروں کے اقدامات کو سراہا۔

پن بجلی کے منصوبوں کی آمدن کی خیبر پختونخوا حکومت کو ادائیگی پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

نگراں وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے واپڈا کو معاملے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کرنے کی ہدایت کردی۔

انوار الحق کاکڑ نے خیبر پختونخوا کو ہائیڈل منصوبوں کے حوالے سے تمام تر بقایا جات کی ادائیگی فوری یقینی بنانے کی ہدایت اور کہا کہ واپڈا ادائیگیوں کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت اور مرکزی بجلی خرید ادارہ کے مابین تمام حل طلب معاملات کو جلد حل کیا جائے، وفاق کی ذمہ داری ہے کہ تمام صوبوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائے، وفاقی حکومت خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔

نگراں وزیرِاعظم کو ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں جاری پن بجلی کے منصوبوں کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آبی ذخائر اور پن بجلی کے منصوبوں کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے، پاکستان کو اللہ رب العزت نے پانی کے وسیع وسائل سے نوازا ہے جن کا استعمال بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں نگراں وزیرِ اعظم کو خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

انوار الحق کاکڑ نے شہداء ویلفیئر فنڈ کو فوری طور پر شہداء کے اہلِ خانہ تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے ملک کی بقاء اور دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دہشت گردی کی جنگ میں شہید ہونے والوں کے خاندان اس قوم کے محسن ہیں، ان کی بہبود کے لیے مختص رقم کی ادائیگی میں کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد

خیبر پختونخوا

Caretaker prime minister

anwar ul haq kakar

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar

PM KAKAR

Hydel projects

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div