Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

پاکستان ٹیم کی نمائندگی میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں، عماد وسیم
شائع 24 نومبر 2023 10:55pm

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

آل راؤنڈ عماد وسیم انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے، انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک بیان میں عماد وسیم نے کہا کہ میں نے کافی سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اتنے عرصے تک سپورٹ کیا، پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔

عماد وسیم نے کہا کہ 121 ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیل کر میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، وہ میرا بہت اچھا وقت تھا جو کوچز اور ساتھیوں کے ساتھ شاندار رہا۔

انہوں نے پاکستانی شائقین اور اپنے مداحوں، دوستوں، فیملی کی سپورٹ پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سب کچھ آپ کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا۔

قومی آل راؤنڈر کا مزید کہنا تھا کہ اب وقت نئے کوچز اور نئی قیادت کے ساتھ آگے بڑھنے کا ہے، جن کے لیے وہ نیک تمنائیں رکھتے ہیں اور وہ ٹیم کو آگے بڑھتے دیکھنا اور کامیابی حاصل کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

عماد وسیم نے یہ بھی اعلان کیا کہ اب ان کی توجہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ہٹ کر اپنے کریئر کے اگلے مرحلے پر ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جواب میں ملک کی نمائندگی اور کرکٹ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے عماد وسیم کا شکریہ ادا کیا اور اُن کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ عماد وسیم پاکستان کی کرکٹ میں ایک قیمتی اثاثہ رہے ہیں، وائٹ بال کرکٹ میں ان کی کارکردگی ٹیم کی کامیابی میں اہم رہی ہے، ہم ان کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں تاہم انہیں ہم یاد رکھیں گے ۔

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات پر عماد وسیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔

عماد وسیم کے کیریئر پر ایک نظر

34 سالہ عماد وسیم نے اپنے آٹھ سالہ انٹرنیشنل کریئر کا آغاز مئی 2015 میں زمبابوے کے خلاف کیا اور 55 ون ڈے انٹرنیشنل اور 66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے 109 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 1472 رنز بنائے۔

عماد وسیم نے 55 ایک روزہ میچز میں 5 نصف سنچریوں کی بدولت 986 رنز بنائے جبکہ 44 وکٹیں بھی اپنے نام کیں، اسی طرح انہوں نے پاکستان کی طرف سے 66 ٹی 20 میچز میں 486 رنز بنائے اور 65 وکٹیں حاصل کیں۔

عماد وسیم 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے اس کے علاوہ انہوں نے2016 اور 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2019 کے عالمی کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔

PCB

lahore

Retirement

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

pakistani all rounder

imad wasim

international cricket retirement

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div