Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

ڈی آئی خان : دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید 23 جوانوں کی نماز جنازہ ادا، فورسز کی کارروائی میں 27 دہشت گرد ہلاک

تین مقامات پر دہشت گردوں کیخلاف کارروائیاں، خود کش بمبار نے گاڑی سیکورٹی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی
اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2023 08:40pm
تصویر بذریعہ مصنف
تصویر بذریعہ مصنف

ڈیرہ اسماعیل خان گیریژن میں دہشت گردوں کے حملے کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے 23 بہادر جوانوں کی نماز جنازہ ڈیرہ اسماعیل خان گیریژن میں ادا کردی گئی۔ فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 27 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ آپریشن کے دوران بھی دو جوان شہید ہوگئے۔

نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور کے علاوہ حاضر سروس افسران، جوانوں، سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قیمت پر مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گرد حملے کے متعلق بتایا کہ درابن کے علاقے میں دہشت گردوں نے ایک سیکورٹی چیک پوسٹ میں گھسنے کی کوشش کی اور ناکامی پر بارود بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں عمارت گرنے سے 23 فوجی شہید ہوگئے۔ واقعے کے بعد جھڑپ میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

دیگر 21 دہشت گرد دو جھڑپوں میں ہلاک ہوئے جب کہ دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 2 بہادر جوان بھی شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے د رہ زندہ میں انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کرکے دہشت گردوں کے ٹھاکے تبادہ کیے اور اس دوران 17دہشت گرد بھی مارے گئے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کلاچی میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں دہشت گرد ٹھکانے تباہ اور4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جب کہ اس آپریشن دو اہلکار بہادری سے لڑتے شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 دہشت گردوں نے درابن کے علاقے میں سکیورٹی چیک پوسٹ سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی، حملے کے بعد خودکش حملہ آور نے بھی خود کو اڑا دیا، دھماکوں میں عمارت گرنے سے 23 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی میں تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

دہشتگردی کے خاتمے تک لڑیں گے، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز پر ہوئے حملے میں شہی جوانوں کو سلام پیش کیا ہے۔

انہوں نے ”ایکس“ پر جاری پیغام میں لکھا، ’حملے کو ناکام بنانے پر میں اپنی بہادر سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔ دہشت گردی کے مقابلے میں ان کی لگن، قربانی اور بہادری بے مثال اور ہماری قوم کے لیے امید کی کرن ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہمارے بہادر شہیدوں کے خاندانوں کے ساتھ میری گہری ہمدردی ہے۔ ہم اس وقت تک لڑیں گے جب تک ہماری مادر وطن سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔‘

terrorist attacks

DI Khan

Terrorism in Pakistan

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div