Aaj News

پیر, اپريل 29, 2024  
20 Shawwal 1445  

دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا ریاست بھرپور جواب دے گی، نگراں وزیراعظم

نگراں وفاقی کابینہ کی باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت
اپ ڈیٹ 10 جنوری 2024 07:15pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی آئی ڈی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی آئی ڈی

نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی جبکہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ریاست شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا ریاست بھرپور جواب دے گی، دہشت گرد 24 کروڑ لوگوں کے عزم کو ہرا نہیں سکتے۔

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت اور اس کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ریاست شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، شہید پولیس اہلکاروں نے ہمارے آنے والے کل کے لیے اپنا آج قربان کر دیا، ریاست ان کے لواحقین کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا ریاست بھرپور جواب دے گی، دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کے خلاف جنگ میں اسی قدر تیزی آئے گی، دہشت گرد 24 کروڑ لوگوں کے عزم کو ہرا نہیں سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مشن بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔

وفاقی کابینہ نے 227 یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اساتذہ کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں وزارتِ داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری بھی دی گئی، نو تشکیل شدہ کمیٹی کی صدارت وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے ۔

وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے لیے زیر تعمیر نئی عمارت کے ڈیزائن میں ضروری ترامیم کی منظوری بھی دے دی، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اپنی موجودہ عمارت میں کام جاری رکھے گی۔

وفاقی کابینہ نے لائیو اسٹاک اور ڈیری ڈیلپمنٹ بورڈ کے انتظامی بورڈ کو فعال کرنے کی ہدایت کردی تاکہ چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے کیا جا سکیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کینابیس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2024 کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی، وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی ادارہ جات کے فیصلوں کی توثیق کردی۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

اسلام آباد

Bajaur

anwar ul haq kakar

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar

Caretaker Prime Minister Anwaar ul Haq Kakar

PM KAKAR

caretaker federal cabinate

PM ANWAR UL HAQ KAKAR

bajaur attack

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div