Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

پی ایس ایل 9 میں شرکت کے حوالے سے راشد خان نے اپنا فیصلہ بتادیا

کیا راشد خان لاہور قلندرز کا حصہ بنیں گے؟ اہم خبر آگئی
شائع 17 جنوری 2024 10:51pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل لاہور قلندرز کو بڑا دھچکا لگ گیا، دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان سے محروم ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان لیگ اسپنر راشد خان کی کمر کے نچلے حصے کی سرجری کے بعد ان کی آئندہ ماہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

راشد خان نے فی الحال تمام طرز کی کرکٹ سے وقفہ لے لیا ہے۔

افغانستان کے لیگ اسپنر نے اپنی عدم دستیابی کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور فرنچائز لاہور قلندرز کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا۔

پاکستان سپر لیگ کا ایونٹ 17 فروری سے لاہور میں ہونا ہے اور راشد کی عدم موجودگی لاہور قلندرز کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، لاہور قلندرز کی ٹیم کو اب راشد کی جگہ متبادل اسپنر کا انتخاب کرنا ہوگا۔

لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راشد کی عدم موجودگی پر افسوس کا اظہار کیا۔

عاطف رانا کا کہنا ہے کہ راشد خان سے محرومی کا افسوس ہے۔ وہ بہت بڑا نام اور میچ ونر ہے، ان کی کمی پوری کوئی نہیں کرسکتا تاہم کوشش کریں گے کہ بہترین کھلاڑی کو اسکواڈ کا حصہ بنائیں۔

راشد خان کی انجری سے متعلق افغان ٹیم کےکوچ جوناتھن ٹروٹ کا کہنا تھا کہ راشد خان کی واپسی کے لیے کوئی وقت نہیں دیا جا سکتا ان کی کمر کی تکلیف کا خیال رکھا جارہا ہے، وہ ایک مؤثر ترین کھلاڑی ہیں اور ہمیں اس بات کا یقین کرنا ہے کہ وہ100 فیصد فٹ ہوں گے۔

جوناتھن ٹروٹ نے کہا کہ راشد خان کی سرجری ہوئی ہے اور واپسی میں جلدی کی ضرورت نہیں، وہ ٹیم کے ساتھ ہیں اور بڑی محنت کررہے ہیں ، ان کے ابھی مزید چیک اپ ہونا ہیں جس کے لیے وقت لیا جا چکا ہے۔

راشد خان بگ بیش لیگ، جنوبی افریقا 20 لیگ اور بھارت کے خلاف حالیہ 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز میں اپنی صحت یابی کی وجہ سے غیرحاضر تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 17 فروری کو ہوگا جبکہ پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں شیڈول ہے۔

PSL

lahore

rashid khan

Pakistan Super League

psl 9

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div