Aaj News

جمعرات, مئ 02, 2024  
23 Shawwal 1445  

صدر مملکت نے صارفین کے ساتھ فراڈ ہونے پر دو نجی بینکوں کو سزا سنادی

متاثرین کو 2.74 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایات جاری
شائع 22 جنوری 2024 09:40am

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یونائیٹڈ بینک اور بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے دائر دو الگ الگ اپیلیں مسترد کرتے ہوئے بینک فراڈ کرنے والوں کو بلیک لسٹ کرنے اور بینکوں کو فراڈ کے متاثرین کو 2.74 ملین روپے واپس کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

اتوار کو ایوانِ صدر پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بینکنگ فراڈ میں ملوث افراد کی بلیک لسٹگ کیلئے بینکنگ محتسب معاملہ اسٹیٹ بینک کے سامنے اٹھائے، بینکنگ فراڈ پر ضروری ایس او پیز جاری کیے جائیں اور فراڈ کرنے والے افراد کو بینکنگ/مالی سہولیات نہ دی جائیں۔

صدر مملکت نے یونائیٹڈ بینک اور بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے دائر دو الگ الگ اپیلیں مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بینک فراڈ سے متاثرہ دو صارفین کو 19 لاکھ اور 7 لاکھ 44 ہزار روپے ادا کیے جائیں۔

یونائیٹڈ بینک کے صارف قیصر محمود کو بینک کی ہیلپ لائن سے مشابہہ نمبر سے کال موصول ہوئی، کالر نے قیصر محمود کو اپنی معطل شدہ ڈیجیٹل بینکنگ ایپ فعال کرنے کا کہا، شہری کے ایپ فعال کرنے کے بعد اکاؤنٹ سے 20 لاکھ روپے منتقل کر دیے گئے۔

بریگیڈیئر (ر) محمد عارف شیخ سے جعلسازوں نے کال کر کے اکاؤنٹ کی تکنیکی خامیاں دور کرنے کے بہانے بینکنگ تفصیلات مانگی، بریگیڈیئر ریٹائرڈ عارف شيخ کے اکاؤنٹ سے 19 ٹرانزیکشنز کے ذریعے 994,000 روپے کی رقم نکالی گئی۔

دونوں شہریوں نے اپنے متعلقہ بینکوں سے رقم واپس کرنے کو کہا لیکن ریلیف نہ مل سکا۔

شہریوں نے ریلیف حاصل کرنے کے لیے بینکنگ محتسب سے رابطہ کیا، محتسب نے بینکوں کو ہدایت کی کہ صارفین کو کھوئی ہوئی رقوم واپس کریں۔

بعد ازاں ، بینکوں نے صدر مملکت کے سامنے محتسب کے فیصلوں کے خلاف علیحدہ علیحدہ اپیلیں دائر کیں۔

صدر مملکت نے مقدمات کی ذاتی سماعت کی اور فریقین کو سننے اور دستیاب ریکارڈ دیکھنے کے بعد فیصلہ شکایت کنندگان کے حق میں کردیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بینکوں نے جعلی ٹرانزیکشنز کا پتہ لگانے کے لیے نگرانی کے نظام کے نفاذ کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تعمیل نہیں کی، لگاتار اور متعدد لین دین کیے گئے لیکن سسٹم الرٹ نہیں ہوا اور رقم کو سسٹم سے گزرنے دیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بینک ادائیگی کے نظام اور الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفرز ایکٹ 2007 کے سیکشن 41 کے مطابق لین دین کی قانونی حیثیت قائم کرنے میں بھی ناکام رہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بینک اسٹیٹ بینک کی ہدایات کی تعمیل کا کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے، بینکوں کی بدانتظامی ثابت ہوئی، بینک شکایت کنندگان کا مالی نقصان پورا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ یونائیٹڈ بینک اور بینک الفلاح قیصر محمود اور بریگیڈیئر (ر) عارف شیخ کو بالترتیب 1,998,500 اور 744,000 روپے ادا کریں۔

President Arif Alvi

banking fraud

STATE BANK OF PAKISTAN (SBP)

United Bank

Bank Al Falah

Banking Mohtasib

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div