Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

سال 2024 کا پہلا مکمل سورج اور چاند گرہن کب ہوگا؟

مکمل سورج گرہن کے نقصانات کیا ہیں؟
شائع 04 مارچ 2024 06:49pm

سال 2024 میں ایک سے زیادہ گرہن ہوں گے جن میں دو قسم کے چاند گرہن اور دو قسم کے سورج گرہن شامل ہیں۔

رواں سال پہلا مکمل سورج گرہن 8 اپریل کو متوقع ہے جو میکسیکو، امریکہ اور کینیڈا میں نظر آئے گا جبکہ سال کا دوسرا سورج گرہن 2 اکتوبر کو جنوبی امریکہ کے کچھ حصوں میں متوقع ہے جو کہ جزوی ہوگا۔

دوسری جانب سال کا پہلا چاند گرہن 24 سے 25 مارچ کے درمیان ہوگا جو کہ یورپ، شمالی اور مشرقی ایشیاء، آسٹریلیا، افریقہ، شمالی امریکہ اور جنوبی امریکہ میں دیکھا جاسکے گا۔

دوسری بار چاند کو گرہن 17-18 ستمبر کے درمیانی شب میں لگے گا جو کہ جزوی ہوگا جو کہ یورپ اور ایشیا، افریقہ، شمالی امریکہ اور جنوبی امریکہ کے بیشتر حصوں میں نظر آئے گا۔

سال کا پہلا مکمل سورج گرہن

سال2024 کا پہلا سورج گرہن آٹھ اپریل کو ہوگا، جس کا مشاہدہ شمالی امریکی ممالک جیسے میکسیکو، امریکا اور کینیڈا میں کیا جا سکے گا۔ اگست 2017 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب امریکا میں مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ کیا جائے گا اور اگلی بار اسے دیکھنے کے لیے خطے کے لوگوں کو اگست 2044 تک انتظار کرنا ہوگا۔

دنیا میں آخری بار مکمل سورج گرہن دسمبر 2021 میں ہوا تھا مگر اس کا مشاہدہ صرف انٹارکٹیکا میں ہوا تھا۔

رواں سال سورج گرہن کا آغاز میکسیکو سے ہوگا جہاں سے شمال مشرقی سمت میں امریکا کی جانب سے سفر کرتا ہوا کینیڈا کے مشرقی صوبوں میں اختتام پذیر ہوگا۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق 8 اپریل کو ہونے والے مکمل سورج گرہن کا دورانیہ ساڑھے 3 سے 4 منٹ تک ہوگا، جبکہ جزوی سورج گرہن کا دورانیہ 70 سے 80 منٹ تک ہوگا۔

میکسیکو، امریکا اور کینیڈا کے جو علاقے سورج گرہن کے راستے میں نہیں ہوں گے، وہاں کے رہائشی جزوی گرہن کا مشاہدہ کر سکیں گے جس میں چاند صرف سورج کے چہرے کو بلاک کرتا ہے۔

آٹھ اپریل کو سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق 9 اپریل کی شب 12 بج کر 7 منٹ کو ہوگا اور اس کا اختتام ایک بج کر 46 منٹ پر ہوگا۔

اس کے بعد اگلا مکمل سورج گرہن اگست 2026 میں ہوگا جو گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین اور پرتگال جیسے ممالک میں دیکھنے میں آئے گا۔

سورج گرہن کیسے ہوتا ہے؟

مکمل سورج گرہن کے دوران چاند کا سایہ مکمل طور پر سورج کو چھپا لیتا ہے اور اس دوران دن کے وقت بھی اندھیرا چھا جاتا ہے۔

چاند اچانک سورج کے سامنے نہیں آتا بلکہ جزوی گرہن سے اس عمل کا آغاز ہوتا ہے جس سے سورج ہلال کی طرح نظر آنے لگتا ہے۔

جب چاند سورج کے سامنے سے گزرتا ہے تو ہمارے نظام شمسی کی شعاعوں سے چاند کے کونے جگمگاتے محسوس ہوتے ہیں، مگر مکمل گرہن کے ساتھ جگمگاہٹ غائب ہو جاتی ہے۔

مکمل سورج گرہن کے دوران آسمان تاریک ہو جاتا ہے اور روشن ستارے یا سیارے جگمگاتے نظر آتے ہیں جبکہ فضا کا درجہ حرارت گھٹ جاتا ہے۔

اچانک تاریکی چھانے سے جانور بھی خاموش ہو جاتے ہیں اور سورج کا باہری گرم مرکز کورونا نظر آنے لگتا ہے۔

خیال رہے کہ جزوی سورج گرہن کو براہ راست دیکھنا بینائی کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔

البتہ مکمل سورج گرہن کو آنکھوں سے دیکھا جا سکتا ہے مگر اس کے لیے وقت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

اس سے ہٹ کر جزوی گرہن کا مشاہدہ دوربینوں یا شمسی عینک سے کیا جانا ضروری ہوتا ہے۔

Sun Eclipse 2024

Moon Eclipse 2024