Aaj News

اتوار, اپريل 28, 2024  
19 Shawwal 1445  

بلوچستان میں بارشوں کے نئے اسپیل کی پیشگوئی، 16 اضلاع متاثر ہونے کا امکان، الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کردی
اپ ڈیٹ 05 مارچ 2024 11:20am

بلوچستان میں آج شام سے بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے گوادر سمیت بلوچستان کے 16 اضلاع متاثر ہونے کا امکان ہے، اس حوالے سے حکام نے الرٹ جاری کردیا۔

ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چلاس میں لوئر کوہستان میں 3 روز سے بند شاہراہ قراقرم کچھ دیر بحال ہونے کے بعد ایک بار پھر بند ہوگئی۔

بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برفیلی ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوگئی۔

بلوچستان میں آج شام سے بارشوں کے نئے اسپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے ژوب، قلات، خضدار، چاغی، پنجگور، واشک، دالبندین، خاران اورگوادر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب گوادر میں تباہ کن بارشوں کے بعد متعدد علاقوں میں اب بھی پانی موجود ہے، مسلسل کھڑے پانی سے متاثرہ محلوں میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔

ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) جہانزیب خان نے شہر کے 85 فیصد سے زیادہ حصے سے پانی نکالنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں مقامی انتظامیہ، پاک فوج اور دیگر اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا۔

جہانزیب خان نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے دی گئی پمپنگ مشینوں سے بھی بہت مدد ملی۔

کوئٹہ

کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں کم از کم درجہ حرارت منفی 6، کوئٹہ میں منفی 4، گوادر اور تربت میں 10، جیونی میں 7، سبی میں 8 اور نوکنڈی میں ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید سرد رہے گا۔

ادھر سندھ میں شدید سردی کی لہر میں 6 مارچ سے کمی آنے کا امکان ہے، جمعے سے درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ویدر اسٹیشن نے پیشگوئی کی تھی کہ کراچی اور بلوچستان کے مختلف حصوں میں بارش برسانے والے دو نئے سسٹم 5 سے 10 مارچ تک ملک میں داخل ہوں گے۔

پیشگوئی کے مطابق 5 سے 6 مارچ تک بارش کا پہلا نظام پاکستان میں داخل ہوگا جو بلوچستان کے مختلف علاقوں کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

اسی طرح 9 سے 10 مارچ تک بارشوں کا ایک اور نظام جنوبی حصوں میں بارش برسائے گا۔

اس نظام کے تحت گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، مکران کے علاقوں میں تیز بارش ہوگی جبکہ کراچی اور ملحقہ علاقوں میں 9 سے 12 مارچ کے درمیان بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، چترال، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، گزشتہ روز تیرہ میں 8 اور چترال میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کالام کا درجہ حرارت منفی 10، مالم جبہ کا منفی 5، دیر کا منفی 2 اور چترال کا درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سیدو شریف اور پاراچنار کا درجہ حرارت صفر ڈگری ریکارڈ ہوا۔

بلوچستان

quetta

rainy weather

Rain prediction

Balochistan Rain

16 districts affected

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div