Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

معیشت کی بہتری کیلئے سیاسی و انتظامی دباؤ برداشت نہیں کریں گے، وزیراعظم

پاکستان کو غیرقانونی تجارت اور اسمگلنگ نے بے پناہ نقصان پہنچایا، شہباز شریف
شائع 29 مارچ 2024 03:09pm

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ معیشت کی بہتری کے لیے کسی قسم کا سیاسی اور انتظامی دباؤبرداشت نہیں کریں گے، پاکستان کو غیرقانونی تجارت اور اسمگلنگ نے بے پناہ نقصان پہنچایا، جو چینی بیچ کر ہم ڈالر کما سکتے تھے وہ افغانستان اسمگل ہونے سے نقصان ہوا، دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انسداد اسمگلنگ سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، چیلنجز کو سمجھنا اور ان پر عمل کرنا ہے تاکہ معیشت کو سنبھالا جا سکے، الیکشن کے بعد نئی حکومتیں بن چکی ہیں، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے سیاسی افراتفری کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاق، صوبے اور ادارے سب مل کر یکسو ہو جائیں، گزشتہ 24 دنوں میں معیشت کے حوالے سے مختلف اجلاس کیے، پاکستان کو غیرقانونی تجارت اور اسمگلنگ نے بے پناہ نقصان پہنچایا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نے 2022 میں ڈھائی لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کی اجازت دی تھی، جو چینی بیچ کر ہم ڈالر کما سکتے تھے وہ افغانستان اسمگل ہونے سے نقصان ہوا، بجلی چوری سے ملک کو سالانہ 400 سے500 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، پیٹرولیم کے شعبے میں بھی گیس کی چوری سے نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال محصولات کا 9 کھرب کا تخمینہ ہے، 2700 ارب روپے کے محصولات سے متعلق کیس عدالتوں میں زیر التواء ہیں، نگراں دور حکومت میں توانائی کے شعبے میں 58 ارب روپے کی چوری ریکور ہوئی، نگراں دور حکومت میں اسمگلنگ کے خاتمے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ آرمی چیف اور صوبوں کے تعاون سے انسداد اسمگلنگ میں مدد ملی، تمام صوبوں نے انسداد اسمگلنگ مہم میں وفاق کا ساتھ دیا، اگر ارادہ ہو تو تمام رکاوٹیں ختم ہو جاتی ہیں، ملکی ترقی کے لیے صنعت اور زراعت کا فروغ ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن پر کام شروع کر دیا ہے، ایف بی آر ٹربیونلز کے سربراہ میرٹ پر لیں گے، ٹربیونلز میں زیرسماعت مقدمات کے لیے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کریں گے، معیشت کی بہتری کے لیے کسی قسم کا سیاسی اور انتظامی دباؤبرداشت نہیں کریں گے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بشام واقعے سے چین پاکستان تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، وزیرداخلہ کو صوبوں میں سیکیورٹی کے حوالے سے جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیلنجز پر وہی قومیں قابو پاتی ہیں جو ہمت نہیں ہارتیں، یقین ہے پاکستانی قوم عزم و ہمت سے مسائل کو حل کرے گی، کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا، ملکی ترقی کے لیے سب نے مل کر کام کرنا ہے۔

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div