Aaj News

منگل, اپريل 30, 2024  
21 Shawwal 1445  

ہمیں فخر ہے پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے، وزیراعظم

شہباز شریف کی ایسٹر پر پاکستان اور دنیا بھرکی مسیحی برادری کو مبارکباد
اپ ڈیٹ 31 مارچ 2024 01:02pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

وزیراعظم شہباز شریف کی ایسٹر پر پاکستان اور دنیا بھرکی مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے۔

ایسٹر 2024 کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایسٹر کے تہوار پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسٹر کا دن ہمیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے پیار، رواداری اور عفو و درگزر کے پیغام پر غور کرنے اور اس کو اپنانے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے، انہی اقدار کو اپناتے ہوئے ہم آج کی تنازعات سے بھری اس دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس پرمسرت موقع پر میں پاکستان کے قیام اور اس کی سماجی و اقتصادی ترقی کی جدوجہد میں اپنی مسیحی برادری کے کلیدی کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا خوبصورت امتزاج ہے، آئیں ہم ایک روادار اور مربوط معاشرے کی تعمیر کے لیے متحد ہو کر کام کریں، ہم ملکر ان ملک دشمن قوتوں کو شکست دیں جو ہمارے معاشرے کے تانے بانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کے دن ایک بار پھر سے ہم اپنی تمام اقلیتوں کی سماجی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہماری تمام مسیحی برادری کو پُرامن ایسٹر کی مبارکباد! پاکستان پائندہ باد ۔“

واضح رہے کہ دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے، دنیا بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر عطا تارڑ کی ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارک باد

دوسری جانب لاہور میں تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے کہا کہ میں 70ہزار مسیحی ووٹرز کا نمائندہ بن کر اسمبلی میں آیا ہوں، قیام پاکستان میں مسیحی برادی کا اہم کردار ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ مسیحی برادری کے حقوق کا تحفظ کریں، ملکی سلامتی و بقا میں مسیحی برادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے امن اور ہم آہنگی کا پیغام دینا ہے، پاکستان کے آئین میں سب کے حقوق برابر ہیں، ہم مل کر پاکستان کی خدمت کریں گے، پورے پاکستان کے مسیحیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں گے۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی مسیحی برادری کو ایسٹرکی مبارکباد

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دی ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ ایسٹرکا تہوار مسیحی برادری کے لیے خوشیوں اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہوگا، پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیوں کو آئین کے مطابق حقوق کا تحفظ حاصل ہے۔

غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ مسیحی برادری کو ایسٹرکی خوشیاں مبارک ہوں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اقلیتیوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کی بات کی۔

PMLN

Shehbaz Sharif

Solidarity

PM Shehbaz Sharif

ata tarar

Easter Pakistan

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div