Aaj News

منگل, اپريل 30, 2024  
21 Shawwal 1445  

ہمارے کچھ لوگ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں جو پارٹی توڑنا چاہتے ہیں، عمران خان

حکومت گرانے کے باوجود دو مرتبہ جنرل باجوہ سے مل سکتا ہوں تو کسی سے بھی مل سکتا ہوں، اڈیالہ جیل میں گفتگو
اپ ڈیٹ 06 اپريل 2024 03:43pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت گرانے کے باوجود دو مرتبہ جنرل باجوہ سے مل سکتا ہوں تو کسی سے بھی مل سکتا ہوں۔

عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گراف جیولری سیٹ کی مالیت 3 ارب ظاہر کرکے ہمیں سزا دی گئی، ہم نے گراف جولری سیٹ کی مزید تین جگہ سے کوٹیشن لی، کوٹیشنز کے مطابق جیولری کی قیمت ایک کروڑ 80 لاکھ روپے بنتی ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگست میں جب مجھے پکڑا گیا تو پولیس میرے بیڈ روم میں داخل ہوئی وہاں سے میرا پاسپورٹ اور چیک بک بھی لے گئی، بشریٰ بی بی نے بنی گالہ میں موجود قیمتی اشیاء کو اسی وجہ سے کہیں اور منتقل کردیا تھا، انعام شاہ اور توشہ خانہ کے ایک ملازم کو آئی ایس آئی نے میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا، توشہ خانہ میں سزا دلوانے کے لیے دبئی میں پارٹ ٹائم سیلزمین سے گراف جیولری سیٹ کی مالیت کا تخمینہ لگوایا گیا، توشہ خانہ ریفرنس بنانے پر چیئرمین نیب اور انعام شاہ کے خلاف کیس کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ فواد چودری پریس کانفرنس کرچکا تھا لیکن اسے وعدہ معاف گواہ بنانے کیلئے پکڑے رکھا۔ پرویز الہی اور شاہ محمود قریشی آج پریس کانفرنس کر دیں تو ان کے سارے کیسز ختم ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ کو فیصل آباد کیس اور بھٹو کیس یاد ہے مگر قاضی فائز عیسیٰ کو نظر نہیں آرہا کہ لوگ ملٹری جیلوں میں پڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 18 مارچ کو مجھے جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کا منصوبہ تھا 24 گھنٹے پہلے ہی جوڈیشل کمپلیکس کو ٹیک اوور کر لیا گیا تھا سادہ کپڑوں میں ملبوس بہت سے لوگ جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھے کیوں جوڈیشل کمپلیکس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے نہیں لائی جا رہی؟

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف فیتے کاٹتا رہا ہے اس کے پاس طاقت نہیں، ملک کا معاشی طور پر بیڑا غرق ہونے لگا ہے، آج ملک بدل چکا ہے اور لوگوں میں شعور آچکا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کبھی فوج سے لڑائی نہیں کی، جنرل باجوہ نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا تھا، میں جنرل باجوہ کو ڈی نوٹیفائی کر سکتا تھا لیکن نہیں کیا، حکومت گرانے کے باوجود دو مرتبہ جنرل باجوہ سے مل سکتا ہوں تو کسی سے بھی مل سکتا ہوں، اس وقت میری ذات کا ایشو نہیں پاکستان کا ایشو ہے مجھے قائل کرلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں عدلیہ بالکل بھی آزاد نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی انڈوسکوپی کے بغیر کچھ پتہ نہیں چل سکتا، جب کوئی چیز اندر چلی گئی تو بظاہر دیکھنے سے کچھ معلوم نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج سیاست سے پیچھے ہوجاؤں تو سب ٹھیک ہوجائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ نون لیگ کا جنازہ نکلے گا جب قوم پر مہنگائی کی جائے گی، اس وقت امید صرف ججز سے ہے 6 ججز کو سلام پیش کرتا ہوں، ججز ملک کے مستقبل کو بچائیں، سرمایہ کاری صرف قانون کی بالادستی سےآسکتی ہے، اس وقت قوم ججز کی طرف دیکھ رہی ہے۔

صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ بشریٰ بی بی نے کہا پارٹی کے اندر کچھ لوگ ان پر امریکی ایجنٹ ہونے کا الزام لگارہے ہیں، جس پر عمران خان نے کہا کہ ہمارے کچھ لوگ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں جو پارٹی کو توڑنا چاہتے ہیں وہی بشریٰ بی بی پر بھی الزام لگارہے ہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا یہی وجہ ہے کہ پارٹی کے اندر بنائی جانے والی کمیٹیوں کی تشکیل نو ہو رہی ہے؟

عمران خان نے کہا کہ کمیٹیوں کی تشکیل روزمرہ کے سیاسی معاملات کیلئے بنائی گئی ہیں حتمی فیصلے کور کمیٹی ہی کرے گی۔

General Qamar Javed Bajwa

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div