Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
12 Dhul-Qadah 1445  

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کی مستقل رکنیت کی قرارداد منظور

قرارداد کے حق میں 143 اور مخالفت میں 9 ووٹ ڈالے گئے، امریکا اور اسرائیل بھی شامل
شائع 10 مئ 2024 10:26pm

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کی مستقل رکنیت کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین کی مستقل رکنیت کی قرارداد کے لیے ووٹنگ ہوئی، قرارداد کے حق میں 143 اور مخالفت میں 9 ووٹ ڈالے گئے جس میں امریکا اور اسرائیل بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ 30 ممالک نے مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ ووٹنگ کے دوران 25 ممالک ایوان سے غیر حاضر رہے۔

اس سے قبل فلسطینی سفیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد پر ہاں کا ووٹ فلسطینیوں کے وجود کے حق میں ووٹ ہے، یہ ووٹ کسی ریاست کے خلاف نہیں، بلکہ فلسطینیوں کو ان کی ریاست سے محروم کرنے کی کوششوں کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج آپ کا ووٹ فلسطینیوں کے ساتھ آپ کی یکجہتی کے بارے میں بہت کچھ کہے گا اور اس سے معلوم ہوگاکہ آپ کون ہیں اور کس کے لیے کھڑے ہیں، ہم امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ غزہ میں 35 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 80 ہزار زخمی اور بیس لاکھ سے زیادہ بے گھر ہوچکے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 1967 کے بعد سے فلسطینی اسرائیل کے ظالمانہ قبضے کے تحت زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، 1947 میں اقوام متحدہ کے ووٹ کے نتیجےمیں فلسطینی اور اسرائیل دو الگ ریاستیں بنیں، اس کے باوجود صرف اسرائیل اقوام متحدہ کا رکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام 1947 سے اپنے حق خود ارادیت سے محروم ہیں، آج جنرل اسمبلی میں اٹھایا جانے والا معاملہ تنازع کے حتمی حل کی جانب پہلا قدم ہے اور یہ فلسطینی عوام کے ساتھ تاریخی ناانصافیوں کا ازالہ کرنے کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کی آزاد ریاست سے متعلق قرارداد کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

United Nations

Palestine

New York

Resolution

un general assemby

united nation general assemby

Resolution on the Permanent Membership of Palestine