Aaj News

ہفتہ, جولائ 27, 2024  
20 Muharram 1446  

شاعر فرہاد شاہ کا اغواء : اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او کو طلب کرلیا

عدالت نےدونوں افسران کو آج شام 6 بجے اسلام آباد ہائیکورٹ طلب کیا
شائع 15 مئ 2024 05:46pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریاستی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے شاعر فرہاد علی شاہ کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹیگیشن اور متعلقہ ایس ایچ او کو طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے فرہاد علی شاہ کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی، مغوی شاعر کی وکیل ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ سید فرہاد علی شاہ کشمیری صحافی اور شاعر ہیں۔

ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ فرہاد علی شاہ کو رات اپنے گھر سے اٹھایا گیا، اغواء کار گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ساتھ لے گئے۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم

جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا ان کے خلاف کوئی مقدمہ ہے، جس پر وکیل ایمان مزاری نے بتایا کہ فرہاد علی شاہ کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہے، خدشہ ہے کہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق آواز اٹھانے پر انہیں اٹھایا گیا، تھانے میں درخواست دی مگر مقدمہ درج نہیں ہو سکا۔

’ایس ایس پی اور ایس ایچ او پیش ہوں‘

عدالت نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس ایچ او تھانہ لوہی بھیر کو آج شام 6 بجے ہائیکورٹ طلب کرلیا۔

عدالت نے دونوں پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر عدالت پیش ہوکر بتائیں کہ شاعر کو کون لیکر گیا، کیوں لے کر گیا اور کہاں لیکر گیا اور یہ بھی بتائیں کہ تاحال مقدمہ درج کیوں نہیں ہو سکا۔

مغوی شاعر کی بازیابی کے لیے ان کی دوسری اہلیہ نے ایمان مزاری ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی تھی جس میں درخواست کو آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

مغوی شاعر فرہاد علی شاہ کی اہلیہ سیدہ عروج زینب کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری دفاع، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی پولیس اور ایس ایچ او تھانہ لوئی بھیر کو فریق بنایا گیا ہے۔

’فرہاد شاہ ریاستی پالیسیوں پر تنقید کرتے تھے‘

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ان کے شوہر فرہاد علی شاہ کو سواں گارڈن کے رہائشی اپارٹمنٹ سے رات ایک بجے اغوا کیا گیا، اغوا کاروں نے سی سی ٹی وی کیمرے توڑ دیے اور ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے۔

عروج زینب نے درخواست میں مزید کہا گیا کہ اس واقعہ کی عینی شاہد مغوی کی پہلی اہلیہ ہیں جو موقع پر موجود تھیں۔ درخواست میں بتایا گیا کہ مغوی شاعر ریاستی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہیں۔

اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے گئے؟ عدالت نے حکومت سے جواب طلب کرلیا

شاعر فرہاد علی شاہ کی اہلیہ نے عدالت سے استدعا کی کہ فریقین کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ مغوی کو تلاش کرکے عدالت کے سامنے پیش کریں، تحقیقات کرکے اغواکاروں کا تعین کریں۔

درخواست میں شاہر فرہاد علی کو اغوا کرکے غیرقانونی حراست میں رکھنے کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

Islamabad High Court

justice mohsin akhtar kiyani

ssp islamabad

poet farhad shah kidnapped

poet farhad shah