ڈاکٹر ذاکر نائیک کی فضل الرحمان سے ملاقات، ’امت مسلمہ کو اپنے اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے‘
معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کے بعد جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سینئیر صحافیوں سے ملاقات کی ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد سینئیر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو اپنے اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
ذاکر نائیک نے کہا کہ ماضی میں کئی بار مجھ پر دہشتگرد عناصر کے ساتھ تعلقات رکھنے کے الزامات لگائے گئے، الحمداللہ، وقت کے ساتھ مجھ پر لگائے گئےتمام الزامات غلط ثابت ہوئے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ دعا کرنے کا سب سے بہترین وقت تہجد کا ہے، پوری دنیا کے مسلمان آج متحد نہیں ہے، آج کا مسلمان قرآن اور سنت کی تعلیمات سے دور ہے۔
’مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میری خواہش تھی جو آج پوری ہوئی‘
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد ترجمان جے یو آئی کی جانبس ے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ہمراہ ان کے صاحب زادے طارق نائیک بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کی آمد پر مولانا فضل الرحمان نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ پر ان کا استقبال کیا۔
ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارے گھر آکر ہمارے گھر کو رونق بخشی، آپ کی تشریف آوری آپ کے مشن میں مزید برکت کا سبب بنے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جس طریقے سے ڈاکٹر صاحب سوالات کا جواب دیتے ہیں وہ امت مسلمہ کی طرف سے دفاع ہوتا ہے، کئی لوگ ان کی دعوت سے ایمان کے نور سے منور ہوئے ہیں، عالم اسلام کے حسین چہرے سے دنیا کو روشناس کرانا مشترکہ ہدف ہے۔
جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک یہاں مہمان نہیں میزبان ہیں یہ ان کا اپنا گھر ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میری خواہش تھی جو آج پوری ہوئی، کل کچھ دوست ملنے آئے لیکن میں نے کہا سب سے پہلے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کروں گا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ میرے نزدیک سب سے اہم پیشہ ڈاکٹری کا تھا، پھر قرآن کریم کا ترجمہ پڑھا تو معلوم ہوا سب اچھا پیشہ دعوت کا ہے۔
ذاکر نائیک نے کہا کہ میں مولانا فضل الرحمان کی امت مسلمہ کے اتحاد کی کاوشوں کو سراہتا ہوں، میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ میں اپنائیت محسوس کر رہا ہوں۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کیا اور تحائف دیئے، ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا فضل الرحمان کو پرفیوم کا تحفہ دیااور مولانا فضل الرحمان کی اقتداء میں نماز مغرب ادا کی۔
اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا اسعد محمود، مولانا امجد، اسلم غوری، مولانا عبدالواسع، مولانا راشد سومرو، مولانا مصباح الدین، نور عالم خان، مولانا محمود شاہ، مفتی اویس عزیز، مفتی اسجد محمود بھی موجود تھے۔
’پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں‘
قبل ازیں، ڈاکٹر ذاکر نائیک منگل کو ایاز صادق سے ملاقات کیلئے قومی اسمبلی پہنچے، ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات میں کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں۔
گفتگو کے دوران ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے، اسلامی تعلیمات امن، رواداری اور محبت کا پیغام دیتی ہیں، امت مسلمہ کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، پاکستان میں اقلیتوں کو انکے حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا حل اتحاد بین المسلمین اوریکجہتی میں مضمرہے۔
معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچ گئے
اسپیکر قومی اسمبلی سے گفتگو میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مزید کہا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے۔ انہوں نے اتحاد بین المسلمین کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایوان کا دورہ بھی کیا۔
بعدازاں، ڈاکٹر ذاکر نائیک کی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔
خیال رہے معروف اسلامی اسکالر اور مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کل کراچی پہنچیں گے، جہاں ان کے لیے انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی سیکیورٹی ایس ایس یو کے حوالے کر دی گئی۔
2 اکتوبر کی دوپہر کراچی ایئر پورٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ڈاکٹر ذاکر نائیک کا استقبال کریں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک سے مفتی تقی عثمانی اور مفتی منیب الرحمان کی ملاقاتیں طے ہیں، اس کے علاوہ جامعۃ الرشید کے سربراہ مفتی عبدالرحیم اور دیگر شخصیات بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ ان کی سندھ کے سینئر بیوروکریٹس اور دیگر کی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک 4 اکتوبر کو اہم سرکاری ادارے کا دورہ کریں گے اور 5 اکتوبر کو مزار قائد پر تقریب سے خطاب کریں گے۔
ڈاکٹر ذاکر کی 7 سے 10 اکتوبر تک نجی ملاقاتیں طے ہیں، جس کے بعد 11 اکتوبر کی صبح ڈاکٹر ذاکر نائیک کراچی سے لاہور روانہ ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز معروف اسلامی سکالر مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچے تھے، وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور عطاء الرحمان نے ان کا استقبال کیا تھا۔