وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ اہم دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
بدھ کو وزیراعظم وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے ہیں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شہبازشریف کے ہمراہ ہیں۔
جدہ پہنچنے پر کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ کے گورنر شہزادہ سعود بن عبداللہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے علاوہ پاکستانی سفیراحمد فاروق، قونصل جنرل مصطفیٰ ربانی اور دیگر نے بھی خیرمقدم کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف آج سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 15 سے 18 اپریل تک سعودی عرب، قطر اور ترکیے کے دورے پر ہیں۔ سعودی عرب کے بعد وزیراعظم ترکیہ جائیں گے، جہاں وہ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔
اس فورم کے دوران وزیراعظم مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان کا مؤقف اہم عالمی و علاقائی معاملات پر پیش کریں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم قطر کا بھی دورہ کریں گے، جہاں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور سفارتی روابط کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ملاقاتیں ہوں گی۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔