پنجاب میں ایڈز کیسسز کی تعداد 45 ہزار سے تجاوز کر گئی

لاہور سب سے زیادہ متاثر، ہزاروں مریض علاج سے محروم، بچوں میں بھی تشویشناک اضافہ
شائع 15 اپريل 2026 12:09pm

پنجاب میں ایڈز کے کیسز میں ہوش ربا اضافے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد 45 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں 45 ہزار 391 افراد ایڈز کا شکار ہیں جن میں سے 32 ہزار 254 مریض علاج حاصل کر رہے ہیں، جبکہ 13 ہزار سے زائد افراد تاحال علاج سے محروم ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق متاثرہ افراد میں 31 ہزار سے زائد مرد، 9 ہزار 510 خواتین اور 2 ہزار 514 خواجہ سرا شامل ہیں۔

رپورٹ میں بچوں میں ایڈز کے پھیلاؤ کو بھی انتہائی تشویشناک قرار دیا گیا ہے، جہاں 14 سال سے کم عمر 1900 سے زائد بچے اس مرض کا شکار ہیں، جن میں ایک ہزار 29 لڑکے اور 900 لڑکیاں شامل ہیں۔

مختلف اضلاع کے اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں 267 بچے رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ننکانہ صاحب میں 532، لاہور میں 511 اور قصور میں 229 بچے ایڈز سے متاثر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ایڈز کے شکار 37 فیصد بچے علاج سے محروم ہیں، جو ایک سنگین صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔

شہری سطح پر لاہور سب سے زیادہ متاثر شہر ہے جہاں 10 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، جبکہ فیصل آباد میں 5 ہزار، ملتان میں 3 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔

اس کے علاوہ سرگودھا اور گجرات میں میں 2 ہزار 800 سے زائد جبکہ ننکانہ صحب میں 2 ہزار سے زائد مریض رپورٹ کیے گئے ہیں۔