Aaj News

منگل, مارچ 18, 2025  
17 Ramadan 1446  

دنیا کے آلودہ شہروں میں لاہور کا دوسرا نمبر، موٹرویز بند، ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول متاثر

لاہور میں تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند، تعمیراتی سرگرمیاں ایک ہفتہ بند رہیں گی
اپ ڈیٹ 17 نومبر 2024 01:18pm

پنجاب اور سندھ میں اسموگ اور دھند کا راج کا راج برقرار ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور دوسرے جبکہ پاکستان میں بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے، دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثرہے، لاہور میں تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند کردیے گئے جبکہ تعمیراتی سرگرمیاں ایک ہفتہ بند رہیں گی۔

پنجاب میں اسموگ آؤٹ آف کنٹرول ہوگیا، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا آج دوسرا نمبر ہے جبکہ پاکستان کے آلودہ شہروں میں لاہور بدستور پہلے نمبر پر ہے، روز بروزبڑھتی سموگ کے باعث لاہورکی فضا بدستور آلودہ ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 294 ریکارڈ کی گئی۔

بھارتی شہر نئی دہلی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر موجود ہے، جہاں ایئرکوالٹی انڈیکس 789 ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ آلودہ شہروں میں ملتان کا دوسرا نمبر ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 256 ریکارڈ کیا گیا جبکہ دیگر شہروں روالپنڈی 188، پشاور 170، اسلام آباد 154، کراچی 135 اور ایبٹ آباد میں 130 ایئرکوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب اسموگ اور دھند کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے دھند اور اسموگ کی وجہ سے بند ہے، موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک، موٹروے ایم 3 لاہور سے درخانہ تک دھند اور اسموگ کے باعث بند کردی گئی ہے، اس کے علاوہ موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک اور موٹروے ایم 5 ملتان سے سکھر تک بند ہے۔

اسموگ کے تدارک کا ذمہ دار ادارہ غیر فعال، محکمہ ماحولیات کی کئی گاڑیوں ناکارہ

قومی شاہراہ ملتان روڈ پر لاہور، مانگامنڈی اور پتوکی میں دھند موجود ہے جبکہ رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں بھی دھند ہے۔

لاہور ایئرپورٹ پر ملکی و غیر ملکی ائیرلائینز کی 22 پروازیں تاخیر کا شکار

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف میں سموگ اور دھند کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر رہا، لاہور ایئرپورٹ پر ملکی و غیر ملکی ائیرلائینز کی 22 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

لاہور سے دیگر شہروں میں جانے والی اور آنے والی ملکی اور غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں، جدہ سے لاہور آنے والی سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 738 بارہ گھنٹے تاخیر شکار ہوئی۔

لاہور سے جدہ جانے والی سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 739 بارہ گھنٹے، ابوظہبی سے لاہور انے والی پی ائی اے کی پرواز پی کے 178 ساڑھے پانچ گھنٹے تاخیر سے لاہور پہنچی۔

لاہور سے جدہ جانے والی ایئر سیال کی پرواز پی ایف 716 سولہ گھنٹے تاخیر، لاہور سے ٹورنٹو جانے والی پی ائی اے کی پرواز پی کے 797 چھ گھنٹے لاہور سے جدہ جانے والی سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 735 چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔

اسی طرح لاہور سے کراچی جانے والی ایئر سیال کی پرواز پی ایف 142 اڑھائی گھنٹے تاخیر کا شکار،ریاض سے لاہور آنے والی فلائٹ ناز کی پرواز ایکس وائی 317 سات گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی جبکہ شارجہ سے لاہور انے والی فلائی جناح کی پرواز نائن پی 503 پانچ گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی جبکہ لاہور سے دمام جانے والی ایئر سیال کی پرواز پی ایف 742 سولہ گھنٹے تاخیر کے بعد سوموار کو آپریٹ کی جائے گی۔

زہرآلود فضا کے باعث پنجاب میں سانس اور آنکھوں کے امراض بڑھنے لگے

ادھر پنجاب میں اسموگ روگ بن گیا، زہرآلود فضا کے باعث پنجاب میں سانس اور آنکھوں کے امراض بڑھنے لگے، حکومت نے سموگ کے تدارک کے لیے پابندیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی، لاہور میں دھواں دینے والی گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا

اسموگ کے باعث پنجاب میں سانس لینا بھی محال ہوگیا، عوام کی غیرسنجیدگی کے باعث اسموگ کو کنٹرول کرنا مشکل ہوگیا۔

محکمہ تحفظ ماحولیات نے پابندیوں میں مزید ایک ہفتہ توسیع کردی، لاہور میں عمارتوں کی تعمیر روک دی گئی، ضلع لاہور اور ملتان میں تمام تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند رہیں گے، تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز کے لیے ہدایات جاری کردی گئیں۔

سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہلاہور میں دھواں پھیلانے والی بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے، لاہور میں انٹری پوائنٹس پر گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

زہریلی فضا نےمریضوں کی تعداد میں اضافہ کردیا، 24 گھنٹے میں پنجاب کےسرکاری اسپتالوں میں 80 ہزار 44 مریض رپورٹ ہوئے، ایک ماہ میں سموگ سےمتاثرہ مریضوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 1537 ریکارڈ، مزید 7 لاکھ 46 ہزار مریض رپورٹ

اسموگ کے باعث پنجاب بھر میں تمام سرکاری و نجی اسکول بند کرنے کے احکامات جاری

دھند اور اسموگ کے باعث ٹرینوں اور پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا، پولیس کے مطابق رواں سال اینٹی سموگ آپریشن میں 212 مقدمات درج اور 228 افراد کو گرفتار کیا گیا، اسموگ وبال جان بنا ہوا ہے مگر عوام ماسک کے استعمال اور دیگر پابندیوں پر عملدرآمد کرنے کو تیار نہیں۔

lahore

air quality index

smog

Lahore smog

air quality index lahore

schools close smog

smog and fog

SMOG IN PUNJAB