Aaj News

جمعرات, دسمبر 12, 2024  
10 Jumada Al-Akhirah 1446  

ریلوے کی آمدن تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ریلوے نے 5 ماہ میں مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں سے کتنا کمایا
شائع 29 نومبر 2024 07:36pm

پاکستان ریلوے کی آمدن تاریخ کی بلند ترین سطح 33 ارب روپے پر پہنچ گئی۔

ترجمان کے مطابق ٹرینوں کی آمدن تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ریلوے نے 5 ماہ میں مسافر ٹرینوں اور مال گاڑیوں سے 33 ارب روپے کما لیے جکہ گزشتہ سال اسی دورانیے میں 29 ارب روپے آمدن ہوئی تھی۔

چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ریلوے عامر علی بلوچ نے مارچ 2025 تک کراچی سے پشاور تک مین لائن ون (ایم ایل ون) پر گراؤنڈ ورک شروع ہونے کا روشن امکان ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ ایم ایل ون کراچی تا پشاور 1872 کلو میٹر ریلوے ٹریک منصوبہ ہے، پاکستان اور چین نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) فیز-2 میں 6 ارب 80 کروڑ ڈالر کے اس منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد پر اتفاق کیا ہے جس کا پہلا مرحلہ کراچی سے ملتان تک اور دوسرا ملتان سے پشاور تک ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستان نے چین سے کہا تھا کہ وہ مین لائن ون (ایم ایل-1) اور کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) منصوبے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد کے کام کو تیز کرے جیسا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پایا تھا۔

Pakistan Railways

lahore

Railway revenue