Aaj News

ہفتہ, جنوری 18, 2025  
18 Rajab 1446  

کُرم تنازع کا پُرامن حل کیسے نکالا جائے؟ پختونخوا کابینہ نے سرجوڑ لیے

بنکرز مسمار کرنے، اسلحہ جمع کرنے، پینسٹھ چوکیاں بنانے کی تجویز
اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2024 06:46pm

وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اٹھارواں اجلاس جاری ہے جس میں بتایا گیا کہ کُرم میں دو گروہوں کے درمیان مسلح تصادم سے 133 افراد جاں بحق اور 177 زخمی ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلی نے کہا کہ کرم کا مسئلہ دہشتگردی نہیں بلکہ کچھ عناصر دو گروہوں کے لوگوں میں نفرت پھیلارہے ہیں ان عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں شیڈول فور میں ڈالا جائے گا۔

اجلاس میں کرم کے مسلئے کے حل کے لئے صوبائی حکومت کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مسلئے کے پر امن اور پائیدار حل کے لئے گرینڈ جرگہ تشکیل دیا گیا ہے یہ جرگہ علاقے میں امن کی مکمل بحالی تک وہاں قیام کرے گا۔

علاوہ ازیں کرم میں کچھ عناصر فریقین کے درمیان نفرت پھیلا کر حالات کو خراب کررہے ہیں، ایسے عناصر کو دہشتگرد قرار دیکر ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں شیڈول فور میں ڈالا جائے گا۔

امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کرم سمیت تمام ضم اضلاع اور دیگر حساس اضلاع کی سول انتظامیہ کو بلٹ پروف و بم پروف گاڑیاں فراہم کی جارہی ہیں۔

کرم: جھڑپوں میں 50 افراد کی ہلاکت اور 120 افراد زخمی ہونے کے بعد قبائل کے درمیان سیز فائر

وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مقامی عمائدین ایسے شرپسند عناصر کی نشاندہی میں تعاون کریں کیونکہ ایسے عناصر دہشتگرد ہیں اور ان کے ساتھ دہشتگردوں جیسا سلوک کیا جائے گا، کرم کے مسلئے کو پرامن انداز میں حل کرنے کے لئے عمائدین پر مشتمل گرینڈ جرگہ جلد ہی علاقے کا دورہ کرے گا-

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی آمدورفت کے لیے شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں،علاقے میں ضروری ادویات کی قلت کو دور کرنے کے لئے بذریعہ ہیلی کاپٹر ادویات سپلائی کی جائیں، اور نقل مکانی کرنے والے افراد کی فوری اور باعزت واپسی یقینی بنائی جائے-

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کرم تنازع پر قائم گرینڈ جرگہ کو تمام سہولیات اور سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کے مطابق وزیراعلیٰ سے گرینڈ جرگے کے ارکان نے ملاقات کی، علی امین گنڈاپور نے امید ظاہر کی گرینڈ جرگے کے ذریعے کرم تنازع کا پرامن اور پائیدار حل نکل آئے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جرگہ ارکان چند دن میں کرم کا دورہ کرکے فریقین کے ساتھ بات چیت شروع کریں۔

جرگہ اراکین نے کرم کے معاملے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لئے وزیراعلیٰ کی کوشش کو سراہا۔

کرم: تازہ جھڑپوں میں 80 افراد جاں بحق 150 زخمی

Ali Amin Gandapur

kuram pti