شام سے 318 پاکستانیوں کو لے کر خصوصی طیارہ وطن پہنچ گیا
شام سے بیروت پہنچنے والے 318 پاکستانیوں کو لے کر خصوصی طیارہ وطن واپس پہنچ گیا۔ بیروت ایئرپورٹ پرپاکستانی سفیر نے طیارے کو الوداع کہا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارت خانہ بیروت نے پاکستانیوں کے ویزے لگوائے ، بیروت آنے پر ان کی رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستانیوں کو واپس لانے والا خصوصی طیارہ رات 2 بجے اسلام آباد پہنچا۔
طیارہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا، پاکستان پہنچنے پر وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستانی شہریوں کا استقبال کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو خیریت سے ملک واپس آنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، شام سے بحفاظت پاکستان پہنچنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، شام میں مقیم پاکستانیوں کی واپسی پہلی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی پاکستانی مشکل میں ہو گا تو وہ تنہا نہیں ہو گا، شام کی صورتحال کی وجہ سے پاکستانی وہاں محصور ہو گئے تھے، وزیر اعظم نے پاکستانیوں کو فوراً واپس لانے کی ہدایت کیں۔
احسن اقبال نے لبنان کے وزیر اعظم کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم کا لبنانی ہم منصب سے رابطہ، پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء کیلئے مدد مانگ لی
شام میں باغیوں کی جانب سے بشارالاسد کی حکومت کا تختہ پلٹنے کے بعد وہاں نظام زندگی تاحال معمول پر نہیں آسکے، پروازیں منسوخ ہونے سے سیکڑوں پاکستانی وہاں پھنس گئے ، جن کے انخلاء کی کوششیش کی جا رہی ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے شام میں پھنسے پاکستانیوں کےمحفوظ انخلاء کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے حکام کو شہریوں کے محفوظ انخلاء کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم نے دمشق میں پاکستانی سفارتخانہ کو معلوماتی ڈیسک اور پاکستانیوں سے رابطے کے لیے ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
شام میں پھنسے پاکستانیوں کے بیروت کے راستے انخلاء کی کوششیں، ہوٹلوں میں محدود
دمشق میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے بتایا کہ دمشق ائیرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے سفارتخانہ زائرین سمیت شام میں پھنسے پاکستانیوں سے رابطے میں ہیں۔
حکام کے مطابق اس وقت شام میں ایک ہزار سے زائد پاکستانی شہری موجود ہیں جن میں سے 260 صرف زائرین ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور ان سے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلاء میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔
Comments are closed on this story.