انسانی اسمگلنگ روکنے کیلئے 20 سال بعد ایف آئی اے کی ایڈوائزری جاری
انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے 20 سال بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ایڈوائزری جاری کردی، جس میں 15 ممالک، پاکستان کے 9 شہر اور 2 ائیر لائنز پر کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایڈوائزری جولائی تا دسمبر آئی بی ایم ایس کے ڈیٹا بیس کے تجزیے سے تیار کی گئی۔
ایف ائی اے ہیڈ کوارٹرز سے ملک بھر کے ڈپٹی ڈائریکٹرز امیگریشن کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں 15 ممالک، پاکستان کے 9 شہروں اور 2 ائیرلائنز کے مسافروں کی کڑی نگرانی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مراسلے میں پہلی دفعہ بیرون ملک کے 15 سے 40 سال عمر کے مسافروں پر نگرانی سخت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
فلائی دبئی اور اتھوپین ایئر لائنز کے جوان عمر مسافروں کی سخت چیکنگ کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ آذربائیجان، ایتھوپیا، سینگال کینیا، روس، سعودیہ، مصر کے مسافروں کی چھان بین کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
مراسلے میں لیبیا، ایران، موریطانیہ، عراق ترکیہ، قطر، کویت، کرغیزستان کے مسافروں کی بھی پروفائلنگ کی ہدایات دی گئی ہیں، 15 ممالک کو پاکستانیوں نے یورپ میں انسانی اسمگلنگ کے لیے ٹرانزٹ کے طور پر استعمال کیا، ان ممالک کے وزٹ، سیاحت ، مذہبی یا تعلیمی ویزوں پر مسافروں کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈوائزری جولائی تا دسمبر آئی بی ایم ایس کے ڈیٹا بیس کے تجزیے سے تیار کی گئی جبکہ ایڈوائزری کے مطابق منڈی بہاؤدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، بمبر کے مسافروں کی کڑی نگرانی کی جائے، اس کے علاوہ جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور شیخوپورہ کے مسافروں کی پروفائلنگ کے بہتر اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ریٹرن ٹکٹس، ہوٹل بکنگ سمیت تمام دستاویزات کی مکمل چھان بین کی جائے، وزٹ یا سیاحتی ویزوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ دستاویز کی چھان بین کریں، مشکوک مسافروں اور ان کے سفری مقصد اور مالی انتظامات کے لیے انٹرویو کیے جائیں۔
واضح رہے کہ رواں ماہ مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 44 پاکستانی بھی شامل تھے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم واکنگ بارڈرز نے اس حادثے کی خبر دی تھی۔
بعد ازاں ، اسی حادثے میں زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں نے انکشاف کیا کہ اسمگلرز نے کشتی کے مسافروں کا قتل عام کیا تھا، 21 پاکستانیوں نے تاوان دے کر اپنی جانیں بچائیں۔
Comments are closed on this story.