Aaj News

بدھ, فروری 12, 2025  
13 Shaban 1446  

سرحد کا معاملہ ہو یا دہشت گردی کے مسائل، بقول عمران خان اس کا سارا نزلہ فوج پر گر رہا ہے، شبلی فراز

عمران خان نے آرمی چیف کو خط لکھا کیونکہ انہیں قومی رہنما کے طور پر ملک کی فکر ہے، شبلی فراز
شائع 04 فروری 2025 12:32pm

پی ٹی آئی رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ احتجاج پر گرفتاریوں سے سیاسی عدم استحکام بڑھتا ہے، اگر ملک کو کوئی سسٹم آگے لے کر جا سکتا ہے تو وہ جمہوریت ہے، جس میں عوامی مینڈیٹ چرایا نہ جائے۔

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وہ آج یہاں ایسے کیس میں آئے جس میں موجود ہی نہیں تھے، ایسے کیسز وکلا اور رہنماؤں کو مصروف اور ہراساں کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔

عاطف خان کا عون چوہدری سے ملاقات پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب

شبلی فراز کے مطابق دو سال سے جاری سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک نہ صرف رکا ہوا ہے بلکہ پیچھے کی طرف جارہا ہے، انہوں نے ملک میں جمہوریت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر جمہوریت ایک ایسا تصور ہوتا جس کی ضرورت نہیں تو پھر شمالی کوریا اور میانمار جیسے ملک خوشحال ہوتے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف کو خط لکھا کیونکہ انہیں قومی رہنما کے طور پر ملک کی فکر ہے، انہوں نے خط میں ملکی صورتحال کا پورا جائزہ پیش کیا ہے، جب معاملات اس نہج پر پہنچ جاتے ہیں پھر خاموش رہنا ٹھیک نہیں ہوتا۔

شبلی فراز کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ملک میں پیش ہونے والی ہر منفی ڈویلپمنٹ پر تشویش ہے، چاہے وہ سرحد کا معاملہ ہو یا دہشت گردی کے مسائل اور بقول عمران خان، اس کا سارا نزلہ فوج پر گر رہا ہے، جو اچھی بات نہیں ہے، کوئی بھی فوج عوام کی سپورٹ کے بغیر وہ ترقی حاصل نہیں کرسکتی جو عوام کیساتھ حاصل کرسکتی ہے۔

عمران خان کے آرمی چیف کو لکھے گئے خط کے مزید مندرجات سامنے آگئے

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ احتجاج ان کا جمہوری اور آئینی حق ہے لیکن ہمیشہ احتجاج کے موقع پر رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر دفعہ ہم نے دیکھا ہے کہ ہمارے کارکنوں اور رہنماؤں کو گرفتار کیا جاتا ہے، ایسی گرفتاریوں سے سیاسی عدم استحکام بڑھتا ہے، جو ملک کے لیے اچھا نہیں۔

shibli faraz

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)